مودی حکومت کے 100 دن کی تکمیل - عوام کو کوئی فائدہ نہیں - سی پی آئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-02

مودی حکومت کے 100 دن کی تکمیل - عوام کو کوئی فائدہ نہیں - سی پی آئی

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر کی زیر زیادت بر سر اقتدار قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے) کی حکومت کے100دنوں میں عوام کا تو کوئی فائدہ نظر نہیں آیا لیکن ڈکٹیٹر حکومت کا چہرہ اور آر ایس ایس کا ایجنڈا ضرور بے نقاب ہوگیا ۔ یہ دعویٰ ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی) نے کیا ہے ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری سدھار کرریڈی نے آج یہاں مودی حکومت کی100دنوں کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مسٹر مودی نے وزیر اعظم کے دفتر کو وزیروں پر نظر رکھنے والا ادارہ بنادیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اس حکومت کا کوئی وزیراپنی پسند کی سکریٹری بھی نہیں رکھ سکتا ، جس سے حکومت کے آمریت والے چہرہ کی جھلک صاف نظر آتی ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مبینہ طور پر رشوت لینے کے معاملے پر کسی وزیر کے بیٹے کو ڈانٹ کر اور کوڈریس کو ڈ کے نام پر کسی وزیر کی سرزنش کرکے مسٹر مودی اپنے وزیروں کو خوفزدہ کرکے رکھنا چاہتے ہیں اور پھر میڈیا میں ایسی خبر پلانٹ کر کے خود کو سخت اور اچھا ایڈ منسٹر یٹر ثابت کرنا چاہتے ہیں ۔ مسٹر سدھارکر ریڈینے الزام لگایا کہ مسٹر مودی مختلف برسوں کے استعمال کے ذریعہ خود کو ایک اچھا ایڈمنسٹر ثابت کر کے عوام کو گمراہ کررہے ہیں اور یہ ظاہر کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ ان کی ہر ایک چیز پر بہت گہری نظر ہے ، لیکن انہیں پھل، سبزی دیگر چیزوں کی مہنگائی اور بدعنوانی نظر نہیں آتی جس کے خاتمے کا وعدہ کر کے وہ اقتدار پر قابض ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بلٹ ٹرین کے سلسلہ میں جاپان سے مدد لینے کی بات سمجھ میں آتی ہے لیکن بنارس کو اسمارٹ سٹی اور گنگاکی صفائی کے لئے جاپان سے مدد لینے کی بات کسی کو ہضم نہیں ہوپارہی ہے ۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ محکمہ دفاع، محکمہ ریل اور دیگر سرکاری محکموں میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق حکومت کے اقدامات سرمایہ کاروں کو مدد فراہم کرانے والے ایجنڈے کی طرف واضح اشارے کرتے ہیں جس سے عوام مخالف اور ایک خاص ذہنیت رکھنے والوں کی عکاسی ہوتی ہے ۔ بھارتیہ جتنا پارٹی ( بی جے پی) کے ممبر پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ کے حالیہ متنازعہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے مسٹر ریڈی نے کہا کہ بی جے پی اتر ا کھنڈاور بہار کے حالیہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے پریشان ہوگئی ہے ، جس سے گھبرا کر اس نے ایسے شخص کو انتخابی مہم کی ذمہ داری سونپی ہے تاکہ فرقہ وارانہ ماحول بنا کر اکثریتی فرقے کے ووٹوں کی صف بندی کرکے پارٹی کو جیت دلائی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو کئی میدانوں میں جدید ٹکنالوجی حاصل کرنے کی ضرورت ہے لیکن مرکزی حکومت کی اس طرف کوئی توجہ نہیں ہے ، بلکہ اس کی ساری توجہ ووٹوں کی صف بندی کرنے پر لگی ہے تاکہ وہ ملک میں خوف کا ماحول قائم کرکے آئندہ ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں وہ کامیابی حاصل کرسکے۔ مسٹر ریڈی نے الزا م لگایا کہ مودی حکومت بہت تیزی کے ساتھ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ( آر ایس ایس) کے ایجنڈے کو نافذ کررہی ہے جو ملک کی جمہوریت کے لئے انتہائی خطرناک ہے ۔

People unhappy with Modi government's 100-day :CPI

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں