جرمن وزیر خارجہ کا دورۂ ہندوستان کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-08

جرمن وزیر خارجہ کا دورۂ ہندوستان کا آغاز

German-Foreign-Minister-visiting-India
مرکزی جرمن وزیر خارجہ کل دوروزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے جہاں انہوں نے ہندوستانی سائنسدانوں ، اقتصادی شعبے کے چوٹی کے اہلکاروں اور اہم تجارتی شخصیات کے ساتھ بات چیت کی ۔ وہ آج پیر کو حکام کے ساتھ سیاسی مذاکرات کریں گے۔ جرمنی کی سوشل ڈیمو کیرٹک پارٹی ایس پی ڈی کے سیاستدان اور دوسری بار جرمن وزیر خارجہ بننے والے فرانک والٹر شٹائن مائر ایک ایسے وقت میں ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں ، جب ہندوستان کے نو منتخب وزیر اعظم نریندر مودی وزارت عظمی کا قلم دان سنبھالنے کے بعد سے علاقائی اور عالمی سیاسی بساط پر اپنے قدم جمانے کے لئے غیر معمولی کوششیں کرتے دکھائی دے رہے ۔ نریندر مودی کی حکومت کو بر سر اقتدار آئے ہوئے100دن گزر چکے ہیں۔ اس دوران انہیں اندرون ملک بھی کئی قسم کے چیلنجز کا سامنا رہا ہے ۔ وہ اپنے تمام علاقائی اور بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایسے میں ہندوستان کے سب سے بڑے اور اہم یورپی تجارتی شراکت دار جرمنی کے وزیر خارجہ کا ہندوستان کا دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے ۔ شٹائن مائر نے اپنے دورے سے پہلے ہی ہندوستانی اخبار دی ہندو کو ایک انٹر ویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میںآپ کے ملک میں اقتصادی ترقی سے متعلق پائے جانے والے رجحان کا براہ راست یا فرسٹ ہینڈ اندازہ لگانا چاہتا ہوں ۔‘‘انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اندازوں کے مطابق ہندوستان اور جرمنی کے مابین2012ء اور 2013کے مالی سال کے دوران دو طرفہ تجارت کا حجم21.6ارب ڈالر تھا ، جو کہ اس سے پہلے سال کے مقابلے میں8فیصد کم بتایاجاتا ہے۔
شٹائن مائر آج پیر کو ہندوستانی حکام کے ساتھ سیاسی مذاکرات کریں گے جن میں افغانستان کی صورتحال سمیت دیگر علاقائی سلامتی امور پر تبادلہ خیال کی امید کی جارہی ہے ۔ جرمن وزیر ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج کے علاوہ دیگر اہم سیاسی شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے ۔ شٹائن مائر سائنس ، ٹیکنالوجی اور تعلیمی شعبے سے منسلک اہم ہندوستانی ماہرین اور سیاستدانوں سے بھی بات چیت کریں گے ۔ جرمنی کمپیوٹر ، انجینئرنسگ اور دیگر تکنیکی شعبوں میں ہندوستان کے ساتھ ہمیشہ سے دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں غیر معمولی دلچسپی رکھتا ہے ۔ شٹائن مائر کے ساتھ جرمنی کا ایک اعلیٰ تجارتی وفد بھی نئی دہلی پہنچا ہے ۔ جس میں شامل مندوبین کی ہندوستان کی چوٹی کی تجارتی شخصیات کے ساتھ بات چیت بھی متوقع ہے ۔ نئی دہلی میں قائم جرمن سفارتخانے کے ذرائع کے مطابق شٹائن مائر اپنی سفارتی سرگرمی کے طور پر مہاتما گاندھی کے مقبرے پر بھی حاضری دیں گے ۔ وہ ایک ایسے ثقافتی مرکز پر بھی جائیں گے جس کی مرمت اور بحالی کے لئے جرمنی نے مالی وسائل فراہم کئے ہیں۔

German Foreign Minister visiting India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں