کانگریس اور بی جے پی نے شکست قبول کرلی - تلنگانہ وزیر آبپاشی ہریش راؤ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-08

کانگریس اور بی جے پی نے شکست قبول کرلی - تلنگانہ وزیر آبپاشی ہریش راؤ

تلنگانہ کے وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا ہے کہ میدک لوک سبھا کے ضمنی انتخاب میں رائے دہی سے قبل ہی کانگریس اور بی جے پی نے اپنی شکست قبول کرلی ہے۔ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی امید وار جگا ریڈی کی شکست یقینی ہے ۔ اس سے خائف ہوکر تلگو دیشم کے قائد ای دیا کر راؤ نے ان کے چیلنج کو قبول نہیں کیا جس میں ‘ میں نے انہیں چیلنج کیا تھا کہ جگا ریڈی کی شکست پر آیا وہ سیاست سے سبکدوش ہوجائیں گے ؟ انہوں نے کہا کہ بی جے پی امیدوار کی امکانی شکست کا اندازہ کرتے ہوئے ہی صدر تلگو دیشم چندرابابو نائیڈو اور فلمسٹار پون کلیان انتخابی مہم سے دور ہیں ۔ مرکزی وزراء بھی امیدوار کی تائید میں انتخابی مہم چلانے سے گھبرا رہے ہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے صدر کشن ریڈی نے تلنگانہ کے مخالف سیما آندھرا رہنماؤں کی سفارش پر ہی میدک لوک سبھا کے ضمنی انتخاب میں جئے پرکاش ریڈی کو امیدوار بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقہ سے ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ بعد ازاں ہریش راؤ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آندھرائی قائدین چندرابابو نائیڈو ، وینکیا نائیڈو اور پون کلیان کی ایماء پر بی جے پی نے تلنگانہ کے غدار جئے پرکاش ریڈی کو حلقہ لوک سبھا میدک کا امیدوار بنایا ہے ۔ انہوں نے میدک میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جئے پرکاش ریڈی دھوکہ بازوں کی فہرست میں سر فہرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جئے پرکاش ریڈی کو عام انتخابات میں عوام نے مسترد کردیا تھا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جئے پرکاش ریڈی کے حق میں انتخابی مہم چلانے سے بی جے پی کے اعلیٰ قائدین پس و پیش کررہے ہیں ۔ اور بی جے پی کے حقیقی قائدین جئے پرکاش ریڈی کو امیدوار بنانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے صدر ریاستی جے پی کشن ریڈی پر الزام لگایا کہ وہ آندھرائی قائدین کے اشاروں پر کام کررہے ہیں ۔ انہیں تلنگانہ کے عوام سے ووٹ مانگنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے ۔ ہریش راؤ نے واضح کردیا کہ ٹی آر ایس کی حکومت انتخابی منشور میں کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کے قرضہ جات کو آندھرا کی چندرابابو نائیدو حکومت سے قبل معاف کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام ٹی آر ایس حکومت پر مکمل اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے حلقہ لوک سبھا میدک کے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو بھاری اکثریت سے منتخب کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کرنے والے ہیں۔ اس پریس کانفرنس میں ڈپٹی اسپیکر تلنگانہ اسمبلی پدما دیوندر ریڈی، سی نریندر ناتھ ملکار جن گوڑ، اشوک ، سلیم بیگ پٹیل اور پارٹی کے دیگر قائدین موجود تھے ۔

Defeat TD-BJP, Congress: Harish Rao

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں