ہیلی کاپٹر معاملت - ایرو میٹریکس کے سابق رکن بورڈ گوتم کھیتان گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-24

ہیلی کاپٹر معاملت - ایرو میٹریکس کے سابق رکن بورڈ گوتم کھیتان گرفتار

نئی دہلی
پی ٹی آئی
انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ (ای ڈی) نے3600کروڑ روپے کی آگسٹاویسٹ لمٹیڈ ہیلی کاپٹر معاملت میں اخفائے دولت کی تحقیقات میں پہلی گرفتاری عمل میں لائی ہے اور ملزم کمپنی (ایرو میٹریکس) کے ایک سابق رکن بورڈ گوتم کھیتان کو تحویل میں لے لیا ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسی (ای ڈی) مذکورہ ہیلی کاپٹر معاملت میں360کروڑ روپے کی مبینہ رشوت ستانی کا پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہے ۔ دہلی میں کل گوتم کھیتان کے2مکانات پر دھاؤں کے بعد کھیتان کو گرفتار کرلیا گیا جو ایک تاجر ہونے کے علاوہ ایڈوکیٹ بھی ہیں۔ ای ڈی ذرائع نے بتایا کہ’’کھیتان کو قانون انسداد اخفائے دولت( پی ایم ایل اے) کی دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ۔ کیس میں مزید تفصیلی تحقیقات کے لئے کھیتان مطلوب ہے ۔
ایجنسی نے گوتم کے مکانات پر دھاؤں کے بعد ایک کروڑ روپے مالیت کے زیورات ضبط کرلئے اور بعض’’اہم‘‘ رقمی دستاویزات بھی اپنی تحویل میں لے لئے ۔ گزشتہ جولائی میں ہیلی کاپٹر معاملت میں ایف آئی آر درج کرنے کے بعد اس کیس میں ای ڈی کی جانب سے یہ پہلی بڑی کارروائی ہے ،۔ ایف آئی آر، کھیتان کے علاوہ سابق سربراہ فضائیہ ایس پی تیاگی اور دیگر19افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے ۔ کھیتان چندی گڑھ میں قائم ایرومیٹریک کمپنی کے بورڈ میں شامل تھے ۔ یہ کمپنی ہیلی کاپٹر معاملت کے رقمی لین کے لئے مبینہ طور پر پیش پیش رہی تھی ۔ سی بی آئی اور دیگر ایجنسیوں کے بموجب ان ایجنسیوں نے مخصوص معاملت کے لئے ایسے فنڈ س کا پتہ چلایا ہے جو مبینہ طور پر ایرومیٹرکس اور چند دیگر کمپنیوں کے توسط سے بھیجی گئی تھیں۔ اٹلی کی ایک عدالت میں اطالوی پراسیکوٹر کی داخل کردہ رپورٹ میں بھی گوتم کھیتان کا مبینہ طور پر حوالہ دیا گیا ہے ۔ تاہم دوسری جانب گوتم کھیتان نے ان کے خلاف عائد کردہ تمام الزامات کی تردید کردی ہے ۔ اس کیس میں قبل ازیں سی بی آئی عہدیداروں نے ان سے پوچھ تاچھ کی تھی ۔ دہلی کی ایک عدالت نے گوتم کھیتان کو7یوم کے لئے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی تحویل میں دے دیا، جس کے دوران کھیتان سے پوچھ گچھ کی جائے گی ۔

ED makes 1st arrest in VVIP helicopter deal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں