عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں این ڈی اے پوری طرح ناکام - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-24

عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں این ڈی اے پوری طرح ناکام - کانگریس

جے پور
پی ٹی آئی
کانگریس نے آج این ڈی اے پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات کی مہم کے دوران کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کررہی ہے بلکہ سابق یوپی اے حکومت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ آل انڈیا کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری اور راجستھان میں کانگریس معاملات کے انچارج گرداس کامت نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں نے انتخابات کے دوران کانگریس پارٹی کے پروگرامس اور پالیسیوں پر تنقیدکی اور یویپ اے حکومت کو بدنام کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن حیرت کی بات ہے کہ کانگریس کے تمام پروگرامس کو بی جے پی نے اپنالیا اور ان پر عمل پیرا ہے ۔ نیز کہا کہ زعفرانی پارٹی نے عوام کو محض اپنے جھوٹے وعدوں سے دھوکہ دیا ۔ کانگریس کی جانب سے بہت سے کاموں کو مکمل کیا گیا لیکن بد قسمتی سے کانگریس کو شکست کا سامنا کرناپڑا ۔ کانگریس کی شکست میں بی جے پی بہت بڑی سازش مضمر تھی اور بی جے پی نے عوام کو جھوٹ اور فریب پر مبنی دعوؤں کے ذریعے الو بنایا لیکن ان میں سے کسی ایک وعدے پر بھی اس نے عمل نہیں کیا۔
بی جے پی نے کاگ کی پوسٹ سے سی این چتورویدی سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی جس کے بعد وہ وزیر اور پھر گورنر بنائے گئے۔ ونو د رائے بھی ریٹائرڈ ہوچکے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں کیا ہونے والا ہے۔ کامت نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی نے حالیہ راجستھان کے ضمنی انتخابات میں نہایت عمدہ ڈرامہ پیش کیا۔ جس میں بی جے پی کو 4نشستوں میں سے3پر فاتح قرار دیا گیا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کے جس علاقے سے کامیابی حاصل کی تھی وہاں پر رائے دہی کے فیصد میں کمی دیکھی گئی ہے ۔ کسی مخصوص شخص کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تمام رہنما متحد ہیں مگر تھوڑا بہت اختلاف پایاجانا ایک فطری بات ہے ۔ لیکن99%رہنما اور کارکن آپس میں مضبوطی سے اتحاد کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ سابق وزیر اشوک گہلوٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نریندر مودی نے عوام کو کھلا دھوکہ دیا ہے۔ فریب پر مبنی وعدے کئے ہیں۔ عوام کا ان پر جو اعتماد تھا اسے پار ہ پارہ کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نے عوام سے حالیہ انتخابات کی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ کالا دھن دوسرے ممالک سے واپس لایاجائے گا ،، لیکن کیا اس وعدے کی تکمیل کی گئی؟

NDA failed to fulfil promises: Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں