دہلی ترقیاتی اتھاریٹی ڈی ڈی اے کی رہائشی اسکیم کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-02

دہلی ترقیاتی اتھاریٹی ڈی ڈی اے کی رہائشی اسکیم کا آغاز

نئی دہلی
یو این آئی
دہلی ترقیاتی اتھاریٹی (ڈی ڈی اے) کی رہائشی اسکیم2014کے لئے طویل انتظار کے بعد آج سے درخواست جمع کرنے کی کارروائی شروع ہوگئی ہے ۔ ڈی ڈی اے وائس چیئر مین بلویندر کمار نے وکاس سدن میں آج2014کی رہائشی اسکیم کی شروعات کی اور اس کے ساتھ ہی اس اسکیم کے لئے درخواست فارموں کی فروخت شروع ہوگئی ۔ اس مرتبہ فارموں کی فروخت وکاس سدن سے نہیں کی جائے گی اور نہ ہی وہاں جمع لی جائے گی ۔ ڈی ڈی اے نے درخواست فارموں کی فروخت اور انہیں جمع لینے کے لئے 13بینکوں کے ساتھ معاہدہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ ڈی ڈی اے کی ویب سائٹ اور بینکوں کی ویب سائٹوں سے بھی درخواست فارم ڈاؤن لوڈ کیاجاسکتا ہے ۔ درخواست فارم کی قیمت150روپے ہے اور اس کے ساتھ ایک لاکھ روپے رجسٹریشن فنڈ جمع کرنا ہوگا ۔ اقتصادی طور پر کمزور طبقوں کے درخواست دہندگان کو صرف 10ہزار روپے رجسٹریشن فنڈ جمع کرنا ہوگا ۔ درخواست فارم میں درخواست دہندہ کا پین کارڈ نمبر درج کرنا لازمی ہے ۔ اس کے علاوہ درخواست فارم کے ساتھ کوئی دستاویز منسلک کرنا ضروری نہیں ہے ۔18سال کی عمر کا کوئی بھی ہندستانی شہری اس اسکیم کے تحت درخواست دے سکتے ہیں ۔ لیکن یہ شرط ہے کہ اس کے اور اس کے شوہر یا بیوی کے نام پر دہلی میں کوئی جائداد نہ ہو ۔ اسکیم کاڈرا نکلنے کے بعد ناکام ہونے والے درخواست دہندگان کو رجسٹریشن فنڈ کی رقم واپس کردی جائے گی ۔
اس اسکیم کے تحت مختلف زمروں کے25ہزار سے زیادہ فلیٹ شامل کئے گئے ہیں، جن کی قیمت14لاکھ سے12کروڑروپے تک ہے ۔ ان فلیٹوں کے الاٹمنٹ کے بعد انہیں5سال تک فروخت نہیں کیاجاسکے گا ۔ یہ پہلا موقع ہے جب ڈی ڈی اے نے یہ شرط لگائی ہے کہ کامیاب درخواست دہندگان اپنے فلیٹوں کو5سال تک نہیں بیچ سکیں گے ۔ اس کے لئے ڈی ڈی اے درخواست دہندگان کے ساتھ5سال کے لاک این سمجھوتے پر دستخط کرے گی ۔ اس اسکیم کے لئے9اکتوبر تک درخواست دی جاسکے گی اور اس کا ڈرا29اکتوبر کو نکالا جائے گا۔ کامیاب درخواست دہندگان کو آئندہ سال مارچ تک فلیٹوں کا قبضہ دے دیا جائے گا۔ اس اسکیم میں ایک کمرے کے22ہزار 682فلیٹ اور اقتصادی طورف پر کمزور خاندانوں کے ل ئے700اور پچھلی اسکیموں کے 800پرانے فلیٹ شامل ہیں ۔ ان میں سے زیادہ تر فلیٹ روہنی ، نریلا ، دوارکا اور مکھرجی نگر میں ہیں۔ ڈی ڈی اے نے درخواست فارم فروخت کرنے کے لئے بینکوں کے ساتھ معاہدہ کیا ہے ان میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا ، پنجاب نیشنل بینک ، سینٹرل بینک آف انڈیا، سنڈیکیٹ بینک ،یونین بینک آف انڈیا، کارپوریشن بینک، ایکسس بینک، ایچ ڈی ایف سی بینک، آئی سی آئی سی آئی بینک ، آئی ڈی بی آئی بینک ، انڈ سو لینڈ بینک ، کوٹک مہندرا بینک اور لیس بینک شامل ہیں۔

DDA housing scheme launched

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں