ہندوستان سرمایہ کاری کے لئے آسان راستہ بنانے کے لئے پابند عہد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-27

ہندوستان سرمایہ کاری کے لئے آسان راستہ بنانے کے لئے پابند عہد

واشنگٹن
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے سرمایہ کاروں کوتیقن دلایا ہے کہ ان کی حکومت غیر ضروری قوانین اور ضابطوں کو ختم کرکے ملک میں صنعتی کاروبار لگانے کی راہ آسان بنانے کے لئے عہد کی پابند ہے ،۔ امریکہ کے دورہ پر روانہ ہونے سے قبل وال اسٹریٹ جنرل سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ان کی حکومت شفافیت اور زیادہ جوابدہی کے ساتھ اس سمت میں کام کرے گی ۔ انہوں نے اس موقع پر ہندوستان کی ترقی میں امریکہ کے رول کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی ترقی میں اس کا اہم رول رہا ہے ، ہم ہندوستان میں بین الاقوامی معیار کا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کریں گے تاکہ ترقی کو تیز رفتار بنایاجاسکے اور لوگوں کی بنیادی ضرورتوں کو پورا کیاجاسکے ، ہم ا پنے قصبوں اور شہروں کو رہنے کے لئے ایک بہتر مقام اور گاؤں کو تبدیلی اور ترقی کا آئینہ بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میک ان انڈیا مہم ان کی حکومت کا عہد ہے جس میں ہندوستان کو مینو فیکچرنگ کا ایک بڑا مرکز بنائے جانے کے لئے سرمایہ کاروں کو دعوت دی گئی ہے اس خواب کو حقیقی شکل دینے کے لئے جو کچھ کئے جانے کی ضرورت ہے ہم کریں گے ۔ مودی نے کہا کہ اکثریت والی حکومت کی قیادت میں آج ہندوستان بھرپور امکانات اور خود اعتمادی سے لبریز ملک کے طور پر ابھررہا ہے ، اس کی نوجوان طاقت کی توانائی جوش و خروش اور ان کا تحمل ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے ، اس وقت ملک کی80کروڑ آبادی35برس کی عمر سے کم ہے جن کے حوصلوں کے دم پر ہندوستان ایک جوابدہ اقتصادی ترقی کی راہ پر چلنے کے لئے تیار کھڑا ہے ، ہندوستان بین الاقوامی تعاون پر یقین رکھنے والا ملک ہے اس لئے وہ اپنی ترقی میں سب کا اشتراک چاہتا ہے ، اس سلسلہ میں ہم کاروبار کے میدان میں اپنے نئے نظریات ، تجربے اور وسائل کو سب کے ساتھ باٹنا چاہتے ہیں، اگلی بار جب آپ ہندوستان کے دورہ پر آئیں گے تو وہ خود اس تبدیلی کو محسوس کریں گے ۔ ہندوستان اور امریکہ کے رشتوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی ترقی میں امریکہ کا ہمیشہ سب سے بڑا رول رہا ہے ، دونوں ممالک فطری طور پر بین الاقوامی اتحادی بن چکے ہیں ۔ مشترکہ اقدار، یکساں مفادات اور ایک دوسرے کا معاون ہونے کی صلاحیت دنیا کے سب سے پرانی اور سب سے بڑی جمہوریتوں کے درمیان فطری اشتراک کی بنیاد ہیں ، دونوں ممالک مل کر ایشیائی بحر الکاہلی خطہ میں مستقل امن اور سلامتی ،سائبر کرائم کے خاتمے ، خلائی مہمات میں اشتراک ، دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف مہم میں بڑا رول ادا کرسکتے ہیں ، دونوں ممالک کی مشترکہ سوچ اور صلاحیتوں کو دنیا میں لوگوں کی زندگی کا معیار بہتر کرنے کے لئے استعمال کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمارے ممالک کے اقدار اور حالات کافی مختلف ہیں لیکن ہم میں کچھ انوکھی یکسانیت بھی ہے جس کا ہم عالمی ترقی کے لئے استعمال کرسکتے ہیں ، عالمی چیالنجس سے نمٹنے کے لئے ہمیں ایک دوسرے کی سوچ کو پوری سنجیدگی کے ساتھ جاننا اور سمجھنا بھی ضروری ہے ،دونوں ہی ممالک کی بڑی جمہوریتیں ہیں یہ ایک ایسا نظام ہے جس میں انسانیت کی ترقی کے لئے سازگار اور سب سے بہتر مواقع موجود ہیں۔

Committed to provide easy and effective governance: Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں