معتمدین خارجہ کی بات چیت کی منسوخی - پاکستان ذمہ دار - سشما سوراج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-27

معتمدین خارجہ کی بات چیت کی منسوخی - پاکستان ذمہ دار - سشما سوراج

نیویارک
آئی اے این ایس؍ پی ٹی آئی
وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج کہا کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والی معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت سے قبل حریت قائدین سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان نے اس معاملہ کو بگاڑ دیا ۔ سشما سوراج نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے وقفوں کے دوران آئی بی ایس اے وزرائے خارجہ سے ملاقات کے بعد ہندوستانی نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نئی(نریندر مودی) حکومت نے ایک واضح اشارہ دیا تھا ، لہذا انہوں (پاکستان) نے بات چیت کو بگاڑ دیا اور صورتحال کو خراب کردیا۔ سشما سوراج سے پاکستان کے قومی سلامتی و خارجی امور کے مشیر سرتاج عزیز کے تبصرہ کے بارے میں دریافت کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ نئی دہلی کی جانب سے پہل کے بعد ہی بات چیت ہوسکتی ہے ، کیونکہ25اگست کو مقرر بات چیت کو ہندوستان نے ہی منسوخ کیا تھا۔ سشما سوراج نے کہا کہ پہلے یا دوسرے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ جہاں تک ہمارے رد عمل کا تعلق ہے ہم نے بارہا کہا ہے کہ اگر کوئی رد عمل ظاہر کرنا ہے تو کیاجائے گا اور یہ اب طاہر کیاجارہا ہے ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم نے پہل کی تھی ۔ سشما نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہی پہل کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کو اپنی حلف برداری تقریب کے لئے مدعو کیا تھا ۔ دونوں وزرائے اعظم کے درمیان باہمی ماقات میں واگھا، اٹاری سرحد سے تجارت کے فوری آغاز کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا ۔ سشما نے بتایا کہ نواز شریف نے دونوں ملکوں کے معتمدین خارجہ کی ملاقات اور باہمی بات چیت کی تجویز پیش کی تھی اور ہم نے اس سے اتفاق کرلیا تھا ، لیکن جب25اگست کو بات چیت ہونے والی تھی تو باتچیت سے 4دن پہلے انہوں(پاکستانی ہائی کمشنر) نے حریت قائدین سے بات چیت شروع کردی تو پھر آخر ماحول کو کس نے بگاڑا ۔ سرتاج عزیز نے یہ بھی کہ اتھا کہ پاکستانی عہدیداروں کو حریت کانفرنس سے بات چیت کوئی نئی چیز نہیں اور اس کا سلسلہ گزشتہ20سال سے چلا آرہا ہے ۔ سشما سوراج نے کہا کہ جہاں تک حریت قائدین سے بات چیت کا تعلق ہے پاکستان سے آنے والے قائدین اس گروپ کے ساتھ بات چیت کیاکرتے ہیں، لیکن پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ وزیر اعظم نواز شریف ہندوستان آئے لیکن انہوں نے ان سے بات چیت نہیں کی کیونکہ وہ ہندوستان کے اشارے کو سمجھ گئے تھے ۔

Sushma Swaraj holds Pakistan responsible for breakdown

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں