محبوب نگر میں گلاس مینو فیکچرنگ پلانٹ کا افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-19

محبوب نگر میں گلاس مینو فیکچرنگ پلانٹ کا افتتاح

محبوب نگر
یو این آئی
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ضلع محبوب نگر کے ادکل منڈل کے ویمولہ موضع میں کوجنٹ گلاس لمٹیڈ کے ایک ورلڈ کلاس گلاس مینو فیکچرنگ پلانٹ کا افتتاح انجام دیا ۔ ایس جی ڈی گروپ نے200کروڑ روپے کی لاگت سے یہ پلانٹ تعمیرکیا ہے جہاں450افراد کو راست اور1000افراد کو بالواسطہ طور پر ملازمتیں حاصل ہورہی ہیں ۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ مینجنگ ڈائرکٹر کوجنٹ گلاس لمٹیڈ فیڈرک باربیئر نے بتایا کہ پلانٹ میں روزانہ ایک ملین گلاس کے ٹکڑے تیار کرنے کی گنجائش ہے جب کہ فارما سیویٹکل انڈسٹری کے لئے روازانہ5لاکھ گلاس کنٹینرس تیار کئے جائیں گے ۔ امریکہ کی ایک سرمایہ کاری فرم اوک ٹری کیا پٹل مینجمنٹ نے جو80بلین ڈالر کے اثاثے رکھتی ہے گزشتہ سال کوجنٹ گلاس لمٹیڈ کو حاصل کرلیا تھا ۔ اس کے ساتھ ایس جی ڈی کو بھی خرید لیا گیا جس کا ہیڈ کوارٹر فرانس میں واقع ہے ۔ تلنگانہ میں سر دست ادویہ ساز صنعت کے لئے روزانہ ایک تا پانچ ملین گلاس ٹیوبس تیار ہوتے ہیں ۔ ہندوستان کی فارما سیوٹیکل پیاکنگ انڈسٹری 11سوکروڑ روپے مالیت کی بتائی جاتی ہے جس میں سالانہ17فیصد کا اضافہ ہورہا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ضلع محبوب نگر کے ہی کتور منڈل کے پنجرلہ موضع میں جانسن اینڈ جانسن کے سب سے بڑے مینو فیکچرنگ یونٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔ جانسن اینڈ جانسن ایک عالمی فارمار سیوٹیکل اور کنزیومر پیاکیجڈ گڈس مینو فیکچرنگ کمپنی ہے ۔ امریکی ملٹی نیشنل کمپنی کا پلانٹ400کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے تعمیر کیاجائے گا ۔ اس موقع پر جانسن اینڈ جانسن کنزیومر( انڈیا) کے منیجنگ ڈائرکٹر وکاس سریواستو بھی موجود تھے ۔

کرنول، نیلور اور وجئے واڑہ میں کینسر ہاسپٹلس کے قیام کا فیصلہ
دریں اثنا وشاکھاپٹنم سے پی ٹی آئی/ یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب حکومت آندھرا پردیش کے وزیر صحت کے سرینواس نے آج کہا کہ کرنول، نیلور اور وجئے واڑہ میں کینسر ہاسپٹلس کا قیام عمل میں لایاجائے گا ۔ کے سرینواس نے یہاں ایک پریسکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرنول، نیلور اور وجئے واڑہ شہروں میں حکومت کینسر ہاسپٹلوں کا قیام عمل میں لائے گی اور تمام سرکاری دواخانوں کو عصری سہولتوں سے لیس کردیاجائے گا ۔ جس کے لئے مرکز سے فنڈس حاصل کئے جائیں گے ۔ سرینواس نے کہا کہ آندھرا پردیش کے تقسیم کے باعث ریاست میں صحت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے کیونکہ تمام سرکاری و خانگی سوپر اسپشالسٹی ہاسپٹلس گزشتہ تین دہوں کے دوران صرف حیدرآباد میں ہی قائم کئے گئے تھے۔ وزیر نے کہا کہ ریاست کے تمام13اضلاع میں سوپر اسپشالسٹی ہاسپٹلس کے قیام کی بھی تجویز رکھتی ہے ۔ جب کہ تمام ضلع ہاسپٹلس کو عصری طبی آلات اور اطمینان بخش طبی و نیم طبی ارکان عملہ فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنے عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے کے عہد کی پابند ہے ۔ سرینواس نے بتایا کہ وشاکھا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں طبی خدمات کا آغاز کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ یو این آئی کے بموجب اے پی کے وزیر صحت نے کہا کہ ان کی تلگو دیشم حکومت تمام سرکاری دواخانوں کو عصری بناتے ہوئے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے عہدکی پابند ہے ۔

Cogent Glass inaugurates Rs 200-cr unit in Mahboobnagar Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں