چندرابابو نائیڈو پر اقتدار کے لئے جھوٹ کا سہارا لینے کا الزام - جگن موہن ریڈی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-19

چندرابابو نائیڈو پر اقتدار کے لئے جھوٹ کا سہارا لینے کا الزام - جگن موہن ریڈی

حیدرآباد
ایس این بی
صدر وائی ایس آرکانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی جھوٹ کا سہارا نہیں لیا جب کہ صدر تلگو دیشم پارٹی این چندرابابو نائیڈو نے ابتداء ہی سے جھوٹ کے سہارے سیاست چلاتے ہوئے اقتدار حاصل کیا۔ انہوں نے کہاکہ چندربابو نائیڈو نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا اور بعض اخبارات اور ٹی وی چینلس نے نائیڈو کے جھوٹ کو سہارا دے کر عوام کو گمراہ کیا۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ چندرابابو نائیڈو نے بر سر اقتدار آنے کے بعد خود اپنے طور پر فیصلے کرتے ہوئے عوام کے نظریات کو برفدان کی نذر کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دارالحکومت کے تعلق سے اعلان کرنے سے قبل ریاستی اسمبلی میں مباحث کے ذریعہ ارکان کی تجاویز اور مشورے لینے کی ضرورت تھی لیکن چندرابابو نائیڈو نے اپنی مرضی سے دارالحکومت کے مقام کا اعلان کرتے ہوئے منتخبہ عوامی نمائندوں کے دلوں کو ٹھیس پہنچائی ہے جگن موہن ریڈی نے کہا کہ آج تک کسانوں کے قرضوں کی معافی کے تعلق سے کوئی شفافیت نظر نہیں آرہی ہے ۔ جب کہ چندرابابو نائیڈو ابتداء ہی سے کبھی کمیٹی اور کبھی جی او کی بات کرتے ہوئے وقت گزار کر کسانوں کو دھوکہ دیتے رہے ہیں۔
جگن موہن ریڈی نے کہا کہ ہم انسانی ہمدردی رکھتے ہیں اور عوام سے جو وعدے کرتے ہیں ان کی بہرحال تکمیل کو یقینی بناتے ہیں ۔ جب کہ چندرابابو نائیڈو نے عوام سے جو وعدے کئے تھے اقتدار حاصل ہونے کے بعد ان وعدوں سے منحرف ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت طلبہ کو فیس ری ایمبرسمنٹ کے تعلق سے تاحال کوئی وضاحت پیش نہیں کرسکی ، جسکی وجہ سے ریاست کے غریب طلبہ پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی صفر بن کر رہ گئی ہے اور آج تک کوئی فلاحی اقدامات روبہ عمل نہیں لائے گئے ۔ جس کی وجہ سے حکومت پر عوام کو اعتماد باقی نہیں ہے ۔

Naidu accused of taking recourse to lies for power - Jagan Mohan Reddy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں