جی 20 اجلاس میں کالے دھن پر ہندوستان کو بڑی کامیابی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-22

جی 20 اجلاس میں کالے دھن پر ہندوستان کو بڑی کامیابی

کیرن۔ آسٹریلیا
یو این آئی
معاشی طور پر ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کی تنظیم جی20کے اجلاس میں اس بار معاشی سطح پر ہندوستان کو کالے دھن کے خلاف جاری اپنی مہم میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ اجلاس میں حصہ لینے آئے جی 20کے فینانس منسٹروں اور مرکزی بینکوں کے صدور نے لمبے وقت تک چلی بحث کے بعد اس بات پر رضامندی ظاہر کی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے یہاں خفیہ بینک کھاتوں کے بارے میں معلومات بانٹنے اور دوہرے ٹیکسیشن بچاؤ معاہدے کی آڑ میں ہورہی ٹیکس چوری روکنے کے لئے ایک پختہ نظام فروغ دیں گے ۔ اجلاس کے بعد آج جاری اعلانیہ میں ممبر ممالک نے اس بات کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی کے لئے بہتر ٹیکسیشن انتظامات وقت کی ضرورت بن چکے ہیں ۔ اس کے لئے ہم سبھی مل کر ٹیکس چوری اور بینک کھاتوں کی خفیہ معلومات ایک دوسرے کو فراہم کرنے کے لئے اٹومیٹک انفارمیشن سسٹم کو فروغ دیں گے ۔ اسے2015میں حتمی شکل دے دی جائے گی جس کے بعد 2017کے آخر تک خفیہ بینک کھاتوں اور ٹیکس چوری کے معاملوں کی معلومات حاصل کرنا ممکن ہوجائے گا ۔ خفیہ بینک کھاتوں کے خلاف بین الاقوامی سطح رپ زبردست مہم چلانے والی تنظیم(او ای سی ڈی) کے صدر پاسکل سینٹ امن نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہ نئے نظام کے نافذ ہوتے ہی بینکوں میں معلوما مخفی رکھنے کا دور اس دنیا سے ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائے گا ۔
ہندوستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نام پر سب سے زیادہ کالا دھن ماریشس کے راستے آنے کی بات کہی جاتی ہے ۔ کیونکہ ماریشس اور ہندوستان کے درمیان دوسرے ٹیکسیشن بچاؤ معاہدے کے انتظامات کے تحت سرمایہ کاروں کو ہندوستان میں ٹیکس کی ادائیگی سے چھوٹ مل جاتی ہے ۔ اس کی وجہ سے معاشی نظام کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے ۔ دوسرے ایسا بھی دعویٰ کیاجاتا ہے کہ ٹیکس چوری کے ذریعہ ہی کئی اثرورسوخ والے ہندوستانیوں نے سویس بینکوں میں کروڑوں روپے کا کالا دھن جما کر رکھا ہے ۔ جس کی معلومات تمام تر کوششوں کے بعد بھی سرکارکو ابھی تک مل نہیں پائی ہے ۔ جی20ممالک نے کالے دھن اور ٹیکس چوری کی معلومات آپس میں بانٹنے کے جس نئے نظام کو فروغ دینے کا آج عزم کیا گیا ہے اس میں صرف خفیہ بینک کھاتوں میں جمع دھن کی ہی معلومات حاصل نہیں کی جاسکے گی بلکہ اس کے ذریعہ ان کھاتوں میں سودی کمائی ، فائدے اور باقی ماندہ رقم کے بارے میں تمام معلومات مل سکے گی ۔
اس دوران ابھرتی اور ترقییافتہ اقتصادی قوتوں کے گرو پ جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہان کے اجلاس میں اس پر اطمینان کااظہار کیا گیا ہے کہ عالمی پیداواری عمل دو فیصد کی شرح سے بڑھ رہا ہے ۔ اجلاس میں یورپی اقوام سے کہا گیا ہے کہ وہ شرح پیداوار میں اجافے کی کوششوں کو مزید تقویت دیں تاکہ جو ملک کساد بازاری کا شکار ہیں ، ان کی اقتصادیات میں حرکت پیدا ہوسکے ۔ اس توقع کا بھی اظہار کی اگیا کہ موجودہ شرح نمو سے لاکھوں نئے روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ کانفرنس میں جی توئنٹی کی سمٹ میں روسی صدر ولادیمیرپوٹن کو شرکت کی دعوت پر بھی غور کیا گیا ۔ جی ٹوئنٹی کا سربراہی اجلاس آسٹریلیوی شہر برسبین میں نومبر کے وسط میں ہوگا۔ آج اتوار کے روز امریکہ نے کہا ہے کہ نومبر میں جی توئنٹی کی سمٹ سے قبل روس کو یوکرائن کے حوالے سے مغربی اقوام کی تشویش کو رفع کرنا ہوگا ۔ بصورت دیگر ماسکو کو مزید اقتصادی تنہائی کا سامنا ہوسکتا ہے ۔ امریکی وزیر خزانہ جیک لیُو نے جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ کے اجلاس کے دوران کہا کہ یوکرائن کے حوالے سے اب تک کاروس کا رویہ ناقابل قبول ہے ۔ لیو نے یہ بھی کہا کہ امریکا اور یورپ پابندیوں کے عمل پر مشترکہ طور پر اس وقت تک عمل کرتے رہیں گے جب تک روس یوکرائن کی خود مختاری کے لئے خطرہ بنا رہے گا۔

Big boost for India on black money at G20

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں