بتکماں تہوار - بڑے پیمانے پر تقاریب کا اہتمام کرنے تلنگانہ حکومت کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-21

بتکماں تہوار - بڑے پیمانے پر تقاریب کا اہتمام کرنے تلنگانہ حکومت کا فیصلہ

حیدرآباد
یو این آئی
حکومت تلنگانہ نے تمام فیکٹریوں کے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے احاطوں میں بتکماں کے ایک علامتی ماڈل کی تنصیب عمل میں لائیں ۔ اس کے علاوہ24ستمبر تا2اکتوبر ریاست گیر بتکماں تہوار کے پیش نظر مناسب روشنی اور سجاوٹ کا اہتمام کریں ۔ لیبر سکریٹری آروی چندراودن نے کمشنر لیبر اور ڈائرکٹر آف فیاکٹریز کو اس سلسلہ میں ہدایات جاری کرتے ہوئے ضروری اقدامات کے لئے کہا ہے ۔ انہوں نے ڈائریکٹرفیاکٹریز کو تمام دوکانات و کاروباری اداروں کے نمائندوں اوراسوسی ایشنوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے رضا کارانہ طور پر تہوار میں حصہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔ اس کے علاوہ اپنے اپنے احاطوں میں بتکماں کے ماڈل نصب کرنے کے بھی احکام جاری کئے گئے ہیں ۔ تہوار کے دوران تقاریب میں ملازمین بالخصوص خواتین کو شامل کرنے پر زور دیتے ہوئے دکانات و کاروباری اداروں کی مناسب ڈھنگ سے سجاوٹ کی بھی ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے ایک مراسلہ میں بتایا کہ حکومت بہترین سجاوٹ پر دکانات و کاروباری اداروں اور فیاکٹریوں کو انعامات سے بھی نوازے گی جس میں انعام اول ، دوم اور سوم شامل ہے۔ واضح ہو کہ حکومت تلنگانہ نے بتکماں تہوار کو سرکاری تہوار قرار دیا ہے ۔ حکومت نے تشکیل تلنگانہ کے بعد پہلے بتکماں تہوار کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تلنگانہ کے کلچر اور اس کی عظمت کو اجاگر کیاجاسکے ۔ اس منفرد تہوار کو قومی و بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے کے لئے بھی وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ کمشنر آف لیبر اور ڈائریکٹر آف فیاکٹریز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بتکماں تہوار منانے کے لئے اختراعی طریقے متعارف کریں جن میں خواتین کو بھی شامل کیاجائے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں