دہلی میں حکومت سازی کے لئے بی جے پی کی تائید - شیلا دکشت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-12

دہلی میں حکومت سازی کے لئے بی جے پی کی تائید - شیلا دکشت

کانگریس کے لئے شرمندگی کا باعث بننے والے ایک واقعہ می دہلی کی سابق چیف منسٹر شیلا دکشت نے آج بی جے پی کی جانب سے حکومت تشکیل دیے جانے کی کوششوں کی تائید کی اور کہا کہ تازہ انتخابات کے بجائے حکومت کی تشکیل زیادہ اہم ہے۔ یاد رہے کہ ان کا یہ موقف ان کی پارٹی کے اختیار کردہ موقف کے بالکل مخالف ہے ۔ مس ڈکشت نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں ایک منتخبہ حکومت زیادہ بہتر ہوتی ہے کیونکہ یہ عوام کی نمائندگی کرتی ہے ۔ اگر دہلی میں بی جے پی حکومت سازی کے موقف میں ہے تو یہ بہتر بات ہے ۔ دہلی میں بی جے پی کی جانب سے حکومت کی کاوشوں کی تائید کرتے ہوئے شیلا دکشت نے کہا کہ اگر دہلی بی جے پی صدر نے اس تعلق سے کوئی بیان جاری کیا ہے تو انہوں نے ضرور کچھ ذمہ داری سے دیا ہوگا ۔بیجے پی نے فوری طور پر اس بیان کا خیر مقدم کیا۔ دہلی بی جے پی صدر ستیش اپادھیائے نے کہا بطور سیاسی لیڈر شیلا ڈکشت کا بیان پختگی اور سنجیدگی کا مظہر ہے ۔ شیلا جی ایک سینئر لیڈر ہیں اور وہ دستوری عمل کو جانتی ہیں۔میں اس بیان پر ان کی ستائش کرتا ہوں۔
ادھر شیلا ڈکشت کے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے ان کے فرزند سندیپ ڈکشت نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ دہلی میں حکومت سازی کے لئے سودے بازی کررہی ہے ۔ سندیپ ڈکشت نے کہا کہ ارکان اسمبلی کے بازار میں میرے خیال میں سب سے پہلی معاملت بی جے پی نے کی ہے ۔ یاد رہے کہ شیلا ڈکشت کی جانب سے دیا جانے والا بیان خود ان کی پارٹی کانگریس کے موقف کے بالکل برعکس ہے ۔ کانگریس دہلی میں تازہ انتخابات کا مطالبہ کرتی آئی ہے اور اس نے بی جے پی پر سودے بازی کا الزام لگایا ہے ۔ شیلا ڈکشت کے بیان پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ یہ ان کے ذاتی خیالات ہوسکتے ہیں ۔ ان ریمارکس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے دہلی کانگریس لیڈر مکیش شرما نے کہا کہ مجھے مس ڈکشت کے بیان پر بہت حیرت ہوئی ۔ یہ ان کے ذاتی خیالات ہوسکتے ہیں ۔ پارٹی کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ دہلی میں دوبارہ انتخابات منعقد کئے جانے کے پارٹی کے موقف کو دہراتے ہوئے شرما نے کہا کہ اس معاملے میں ہماری پارٹی کا موقف بالکل واضح ہے اور ہم دہلی میں تازہ انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

Delhi: Sheila Dikshit backs BJP bid to form govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں