پاکستانی نمائش -عالیشان پاکستان- کے دوسرے ایڈیشن کا دہلی میں افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-12

پاکستانی نمائش -عالیشان پاکستان- کے دوسرے ایڈیشن کا دہلی میں افتتاح

پاکستانی ہائی کمشنر(متعینہ ہند) عبدالباسط نے آج وزیر خارجہ سشما سوراج کے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہ سفارت کاری میں کوئی ’’فل اسٹاپ‘‘ نہیں ہے، آج دونوں ملکوں سے کہا کہ وہ ماضی کے بیانات کو فرامش کردیں اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کو فروغ دیں ۔ عبدالباسط سے سشما سوراج کی کل منعقدہ پریس کانفرنس کے بارے میں رد عمل ظاہر کرنے کی خواہش پر جس میں سشما سوراج نے کہا تھا کہ سفارت کاری میں صرف کاما اور سیمی کولن ہیں، کوئی فل اسٹاپ نہیں ہے۔ عبدالباسط نے کہا کہ میں ان سے صد فیصد اتفاق کرتا ہوں۔ قبل ازیں عبدالباسط نے پاکستانی نمائش’’ عالیشان پاکستان‘‘ کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح کرنے کے بعداپنے خطاب میں ہندوستان کو ایک اہم پڑوسی ملک قرار دیا اور کہا کہ اگر دونوں ملک مل جل کر کام کرنا پسند کریں تو ان کے لئے کوئی حد نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے دونوں ملکوں کی المناک تاریخ رہی ہے ۔ لیکن اب ہمیں ماضی کوفراموش کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا اور باہمی احترام کی بنیاد پر کام کرنا ہوگا ۔ عبدالباسط نے بین مملکتی تعلقات میں تجارت کو ایک اہم پہلو قرار دیا اور کہا کہ اس کی وجہ سے دونوں ملکوں کی کامیابی کی راہ ہموار ہوئی ہے اور عوام ایک دوسرے سے قریب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائف اسٹائل پاکستان اگزیبیشن ، پاکستان ٹریڈ ایں ڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی قابل خیر مقدم پہل ہے اور فلکی کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے اس نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے ، جو ہندوستانی عوام کو پاکستان کے بارے میں جاننے میں مدد دے گی۔

دہلی میں’’عالیشان پاکستان‘‘ نمائش کے خلاف احتجاج
نئی دہلی سے آئی اے این ایس کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب دہلی کے پرگتی میدان میں جہاں دو روزہ پاکستانی نمائش’’ عالیشان پاکستان‘‘ جاری ہے، آج ایک ہجوم نے مظاہرہ کیا، جن کے ہاتھوں میں زعفرانی رنگ کے پرچم تھے اور جن پر’’اوم‘‘ تحریر تھا ۔ اس نمائش میں سرحد پار کے300تاجرین شرکت کررہے ہیں ، جس کا آج پرگتی میدان میں آغاز ہوا ۔ ان نامعلوم افراد نے نمائش میدان کے باہر مردہ باد کے نعرے لگائے ۔ پالیس نے انہیں جلدہی ایک بس کے ذریعہ وہاں سے منتقل کردیا ۔ چند افراد کسی نہ کسی طرح نمائش میدان میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے، لیکن کوئی تباہی نہیں ہوئی ۔ ایک سیکوریٹی عہدیدار نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ کوئی توڑ پھوڑ نہیں کی گئی ۔ یہاں پولیس تعینات تھی اور اب تمام معاملہ سلجھ چکا ہے ۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کون ہیں ، لیک کوئی پریشانی کی بات نہیں ۔ یہاں کافی بہتر سیکوریٹی انتظامات ہیں۔ پرگتی میدان پہنچنے والے صارفین کو بھی کوئی فرق نہیں پڑا۔ مردولا نامی ایک خاتون نے بتایا کہ میں فیشن ایبل ملبوسات اور لائف اسٹائل پراڈکٹس خڑیدنے یہاں آئی ہوں ۔ میں11بجے سے پہلے یہاں پہنچی ۔ میں دہلی یونیورسٹی کی گریجویٹ ہوں ، اسی لئے احتجاجی مظاہروں سے خوفزدہ نہیں ہوئی ۔ یہ صرف ہجوم ہوتے ہیں۔ یہاں سیکوریٹی انتظامات ہیں اور اگر حکومتِ ہند نے اس نمائش کی اجازت دی ہے تو پھر لوگوں کو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے ۔ گزشتہ ہفتہ چند ہندو گروپس نے عالیشان پاکستان نمائش کے انعقاد کی اجازت دینے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ ممبئی میں اس طرز کی نمائش ’’میڈ ان پاکستان‘‘ کے مسنوخ ہوجانے کے بعد یہاں احتجاج کیا گیا تھا۔ عالیشان پاکستان کا اہتمام فیڈریشن آف انڈین چیمبرس آف کامرس( فلکی) اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی آف پاکستان نے مشترکہ طور پر کیا ہے ، تاکہ دونوں ملکوں کے درمیانی تجارتی تعلقات کو معمول پر لانے دونوں حکومتوں کی کوششوں میں مدد کی جاسکے ۔

'Aalishan Pakistan' inaugurated despite protests

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں