تلنگانہ میں صنعتوں اور تعلیمی اداروں کے لیے 5 لاکھ ایکر اراضی دستیاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-27

تلنگانہ میں صنعتوں اور تعلیمی اداروں کے لیے 5 لاکھ ایکر اراضی دستیاب

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ ان کی حکومت ریاست میں صنعتیں اور تعلیمی ادارے قائم کرنے کے خواہاں سرمایہ کاروں کو بھرپور امداد تعاون فراہم کرے گی ۔ شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ کے قریب جی ایم آر اسکول آف بزنس کے کیمپس میں یارک یونیورسٹی کینڈا کے اشتراک سے قائم کردہ شیو لک اسکول آف بزنس کا افتتاح انجام دیتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حیدرآبار کئی قومی باوقار اداروں جیسے انڈین اسکول آف بزنس ، برلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائنس(بٹس) انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی)نلسار یونیورسٹی اور ڈی آر ڈی او کو اپنی طرف راغب کررہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی حکومت ایک اڈوانسڈ انڈسٹریل پالیسی مرتب کرنے کے عمل میں مصروف ہے اور بہت جلد اس کا اجراء عمل میں لایاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں فوری طور پر 5لاکھ ایکر اراضی دستیاب ہے جسے خواہشمند صنعتکاروں کو مختص کیاجائے گا تاکہ وہ یہاں صنعتیں گلائیں اور روزگار فراہم کرتے ہوئے تلنگانہ کی خوشحالی کا باعث بنیں ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے شیولک بزنس اسکول کے قیام کے لئے حیدرآباد کے انتخاب پر مسرت کا اظہار کیا۔ ممتاز صنعتکار رتن ٹاٹا نے اپنے مختصر خطاب میں حکومت تلنگانہ کو تیقن دیا کہ ان کی کمپنی ریاست میں اپنے مختلف وینچرس میں حکومت سے اشتراک کرے گی۔ بالخصوص بزنس مینجمنٹ میں ہم بہت کچھ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ جی ایم آر گروپ کے بانی اور صدر نشین جی ملکار جن راؤ نے عالمی شہرت کے حامل شیو لک اسکول آف بزنس کے ساتھ اشتراک پر خوشی و مسرت و فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جی ایم آر گروپ کا ہمیشہ سے عزم رہا ہے کہ راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ اور اس کے پورے اھاطہ کو معاشی سر گرمیوں کے ایک انٹی گریٹیڈ ایکو سسٹم میں تبدیل کردیاجائے ۔
شیو لک اسکول آف بزنس کے قیام سے ملک میں مینجمنٹ ایجوکیشن کے میدان میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔ انٹر نیشنل ایرپورٹ کے قریب سرسبز و شاداب ماحول اور دلفریب مناظر کے درمیان ایک تعلیمی ادارہ کا قیام طلباء کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے ۔ مجھے پورا اعتماد ہے کہ یہ ادارہ طلباء کو اعلیٰ ترین مینجمنٹ تعلیم فراہم کرے گا ۔ جی ایم آڑ کی طرف سے ہم اس بات کا بھرپور تیقن دیتے ہیں کہ تمام محاذوں پر تعاون کیاجائے گا۔ جی ملکار جن راؤ نے مرکزی و ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فارن یونیورسٹیز بل کی فوری منظوری عمل میں لائیں گے تاکہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کا فروغ ممکن ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ میں ریاستی و مرکزی حکومتوں سے سنجیدگی کے ساتھ یہ درخواست کرتا ہوں کہ وہ بیرونی تعلیمی اداروں کے بل کی جلد سے جل منظوری عمل میں لائیں تاکہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کو استحکام حاصل ہوسکے ۔ صدر نشین اور وائس چانسلر یارک یونیورسٹی ڈاکٹر ممدوح شکری نے کہا کہ شیو لک اسکول آف بزنس نے ماضی میں ایس پی جین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ ریسرچ کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے ممبئی میں شیو لک ایم بی اے ان انڈیا کا پیشکش کیا تھا ۔ اس کا جنوری2010میں آغاز ہوا تھا اور یہاں پیش کردہ پروگرام ایک ممتاز بین الاقوامی بزنس اسکول کی جانب سے ہندوستان میں پیش کردہ پہلا ایم بی اے پروگرام تھا ۔ شیولک ، کینیڈا کا ایک اعلیٰ رینک کا حامل بزنس اسکول ہے جو ان بڑے بیرونی اداروں میں شامل ہے جو ہندوستان میں پہلی مرتبہ پہنچے ۔ یہ ادارے آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کے تمام قواعد پورے کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا شیو لک میں ابتداء میں دو سالہ ایم بی اے پروگرام متعارف کیاجائے گا جس میں پہلا سال ہندستان میں تعلیم ہوگی جب کہ دوسرا سال طلباء کو ٹورنٹو لے جایاجائے گا جہاں ان کے کورس کی تکمیل ہوگی ۔

Five lakh acre ready-to-use land available in Telangana: Chief minister K Chandrasekhar Rao

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں