خاتون ٹرینی جج سے بدسلوکی پر 11 زیر تربیتی جج برطرف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-22

خاتون ٹرینی جج سے بدسلوکی پر 11 زیر تربیتی جج برطرف

لکھنو
یو این آئی
حکومت اتر پردیش نے الہ آباد ہائی کورٹ کی سفارش پر11ٹرینی ججوں کو اپنی ساتھی خاتون ٹرینی جج کے ساتھ بد سلوکی اور بر سر عام غیر اخلاقی اور ناشائستہ رویہ کے الزام پر برطرف کردیا ۔ چیف منسٹر اکھلیش یادو نے ٹرینی ججوں کی برطرفی کو کل رات منظوری دے دی اور اس سلسلہ میں ریاستی محکمہ تقررات کی جانب سے احکامات جاری کردئیے گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ قبل ازیں یہ معاملہ گورنر رام نایک سے رجوع کیا گیا تھا جنہوں نے اس معاملہ میں مداخلت سے انکار کردیااور کہا کہ یہ ریاستی حکومت کے اختیار میں آتا ہے ۔ الہ آبا د ہائی کورٹ کی مکمل بنچ نے16ستمبر کو ٹرینی ججوں کی برطرفی کی سفارش کی تھی ۔ ہائی کورٹ نے اپنی سفارش میں کہا تھا ’’ یہ ٹرینی ججس ، جج بننے کے لائق نہیں ہیں‘‘۔ ان کا انتخاب ریاستی عدلیہ خدمات امتحان2012کے ذریعہ عمل میں آیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ لکھنو میں ٹریننگ کے دوران حال ہی میں انہوں نے ساتھی خاتون ٹرینی جج کے ساتھ بد سلوکی کی اور ایک عوامی مقام پر اس کے ساتھ ناشائستہ اور غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا۔ متاثرہ خاتون نے اپنی شکایت میں اسے ہراساں کئے جانے کا بھی الزام لگایا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ برطرف ٹرینی ججس ریاستی حکومت کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوسکتے ہیں ۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق40ٹرینی ججس خاتون سے بد سلوکی میں ملوث تھے ۔ انہوں نے ریاستی دارالحکومت کے ایک ریسٹورنٹ میں منعقدہ پارٹی میں شراب پینے کے بعد گڑ بڑ کی ۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ ڈی وی چندچد نے دیگر9سینئر ججوں کے ساتھ ہوٹل کے سی سی ٹی وی کی جانچ کے بعد20ٹریننگ ججوں کو برطرف کرنے کی سفارش کی تھی ۔ بعد میں اڈمنسٹریٹیو کمیٹی نے16ستمبر کو 20کے منجملہ 11کو برطرف کرنے کی سفارش کی ۔ متاثرہ خاتون کے مطابق7ستمبر کو ٹریننگ کی تکمیل پر منعقدہ جشن میں یہ واقعہ پیش آیا۔

11 of 20 judicial trainees sacked after drunken brawl, harassing female trainee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں