جامع گھریلو سروے کو کامیاب بنا کر عوام نے تاریخ رقم کی - ٹی آر ایس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-24

جامع گھریلو سروے کو کامیاب بنا کر عوام نے تاریخ رقم کی - ٹی آر ایس

حیدرآباد
ایس این بی
تلنگانہ راشٹرا سمیتی رکن پارلیمان کے کویتا نے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں جامع گھریلو سروے کو کامیاب بناتے ہوئے عوام نے ایک تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کو موثر بنانا ٹی آر ایس حکومت کا نصب العین ہے اور وزیر اعلیٰ آندھر اپردیش کے چندر شیکھر راؤ ، سنہرے تلنگانہ کے خواب کی تعبیر کے لئے ریاست کو ترقی دینے کوشاں ہیں۔ تاہم عوام کے مکمل تعاون کے ذریعہ سے ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کیاجاسکتا ہے اور تلنگانہ کو سنہرا تلنگانہ بنایاجاسکتا ہے ۔ کویتا نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ، ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے انجام دئے جارہے فلاحی اقدامات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر غیر ضروری تنقید یں کررہی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابقہ کانگریس دور حکومت میں گریجنوں کو نظر انداز کیا گیا، لیکن موجودہ ٹی آر ایس حکومت گریجنوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کررہی ہے ۔ اور اس طبقہ کو ٹی آر ایس حکومت میں انصاف حاصل ہوگا۔ کویتا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ ، شہر حیدرآباد کو انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکز میں تبدیل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کارحیدرآباد میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔ چنانچہ جلد ہی حیدرآباد میں صنعتی شعبہ کو فروغ حاصل ہوگا ۔، انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اپنے انتخابی منشور میں جو وعدے کئے تھے ، ٹی آر ایس حکومت ان وعدوں کی تکمیل کے لئے پابند عہد ہے ۔ اور اس تعلق سے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں امن و امان کو پہلی ترجیح دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے محکمہ پولیس کو مستحکم کیا جارہا ہے ۔ کیونکہ ریاست میں قیام امن سے بیرونی سرماریہ کاریہاں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں گے ۔ کویتا نے تیقن دیا کہ ٹی آر ایس حکومت طلبہ کو فیس ری ایمبرسمنٹ کے معاملہ میں سنجیدہ ہے اور کسی ایک طالب کا بھی کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں