نواز شریف زرداری ملاقات - جاریہ بحران کو ختم کرنے کی کوشش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-24

نواز شریف زرداری ملاقات - جاریہ بحران کو ختم کرنے کی کوشش

لاہور
پی ٹی آئی
وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے آج سابق صدر پاکستان آصف علی زداری سے ملاقات کی تاکہ کرکٹر سے سیاستداں بنے عمران خان اور کنیڈا سے واپس آئے عالم دین طاہر القادری کے حامیوں کے دھرنا احتجاجوں کے بعد پیدا شدہ سیاسی بحران کے خاتمہ کی راہ دریافت کی جاسکے ۔ موصولہ اطلاعات میں کہا گیا کہ زرداری اور نواز شریف کی یہ ملاقات شریف کی قیام گاہ پر ہوئی ۔ دونوں قائدین نے عہد کیا کہ ’’جمہوریت کو بچایا جائے گا خواہ کچھ بھی ہوجائے۔‘‘ متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف استعفیٰ نہیں دیں گے ۔ استعفیٰ کا مطالبہ عمران خان اور طاہر القادری نے کیا ہے ۔ زرداری علاقہ ، منصورہ میں دائیں بازو کی جماعت اسلامی کے ہیڈ کوارٹر بھی گئے اور امیر جماعت سراج الحق سے ملاقات کی ۔ یہ ملاقات بحران کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ تھی ۔ تقریباً30برس کی مدت میں بائیں بازو کی پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) کے صدر کا یہ جماعت اسلامی ہیڈ کوارٹر کا پہلا دورہ تھا ۔ زرداری ، نواز ملاقات کے بعد اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر فینانس اسحق ڈار نے کہا کہ زرداری نے یقین دلای ہے کہ پاکستان کے دستور اور قانون کے دائرہ میں رہ کر وہ بحران کو حل کرنے کے لئے نواز شریف کی مکمل تائید کریں گے ۔ ڈار نے کہا کہ’’نواز شریف نے اپنی قیام گاہ پر زرداری کا خیر مقدم کیا ۔ زرداری صاحب نے احتجاجی پارٹیوں کے ساتھ مسائل کے تصفیہ میں میاں صاحب کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔ اس سوال پر کہ آیا زداری نے نوا ز شریف سے استعفیٰ کہ خواہش کی ہے ڈار نے کہا کہ’’وزیر اعظم کے استعفیٰ کا سوال ہی پید انہیں ہوتا ۔
زرداری نے تو وزیر اعظم کی مکمل تائید کی ہے ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت نے عمران خان کے 6مطالبات پہلے ہی قبول کرلئے ہیں اس لئے خان کو اپنا احتجاج ختم کردینا چاہئے ۔ اسی دوران عمران خان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور طاہر القادری کی جماعت پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے دھرنوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ حکومت پر حملہ نہیں بلکہ جمہوریت اور دستور پر حملہ ہے ۔ زرداری آج لاہور آئے اور وزیر اعظم نواز شریف کو ایک قیمتی مشورہ دیا ۔پیپلز پارٹی کے بعض قائدین کا خیال ہے کہ اگر وہ(نواز شریف) جاریہ بحران کو ٹالنے کا کوئی متبادل نہیں دیکھتے تو انہیں ایک ’’بڑی قربانی(استعفیٰ) دینا چاہئے پی پی پی قائدین نے کہا کہ ممکن ہے کہ زرداری نے شریف کو یہ مشورہ دیا ہو کہ وہ بحران کو حل کرنے اور جمہوریت کو بچانے وسیع القلبی کا مظاہرہ کریں ۔ پیپلز پارٹی کے سکریٹری جنرل سردار لطیف کھوسا نے کہا کہ ہم نے ملک میں جمہوریت کی برقراری کے لئے وزیر اعظم کے عہدہ سے یوسف رضا گیلانی کی برطرفی کو قبول کیا تھا ۔ ہم نے تصادم سے گریز کیا تھا ۔ زرداری کی مصالحت آمیزی کی پالیسی کے سبب پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومتوں کے دوران کئی بڑے بحرانوں کو ٹالا گیا۔

Pakistan crisis: Sharif meets Zardari

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں