غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں کا 47 واں دن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-24

غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں کا 47 واں دن

غزہ؍یروشلم
پی ٹی آئی
غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے آج47ویں روز بھی جاری رہے ۔ مزید کم از کم5فلسطینی جاں بحق ہوگئے ۔ اسی دوران اسرائیل کے ہٹ دھرم وزیر خارجہ اویڈ گورلئبر مین نے کہا ہے کہ’’حماس کی جانب سے سفید پرچم( صلح کا پرچم) لہرائے جانے تک‘‘حملہ جاری رہے گا ۔ چیانل2کو انٹر ویو دیتے ہوئے لئبرمین نے کہا کہ حکومت کو ’’ایک ایسے فوجی مقصد کا اظہار کرنے کی ضرورت ہے جو حماس کی شکست اور اس کو تابعدار بنانے کا احاطہ کرتا ہو ۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ حماس سفید پرچم لہرائے ۔یہ ایک حقیقت پسندانہ تناظر ہے اور یہ ایک مقصد ہونا چاہئے‘‘ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ فریقین نے مصر کی وساطت سے قائم کردہ جنگ بندی کے ٹوٹ جانے کے بعد گزشتہ منگل کو لڑائیاں دوبارہ شروع کردی تھیں ۔ آج صبح وسطی غزہ میں ایک مکان پر اسرائیل کے فضائی حملہ میں ایک فلسطینی خاندان کے5ارکان شہید ہوگئے ۔ اسرائیل نے اس محصور ساحلی علاقہ پر47ویں روزبھی حملے جاری رکھے ۔ یہ حملے’’ بنام آپریشن پروٹیکٹیو ایج‘‘ گزشتہ8جولائی کو شروع ہوئے تھے ۔ غزہ میں ڈاکٹروں نے اب تک جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد2098اور زخمیوں کی تعداد زائد از 10550بتائی ہے ۔ اقوا م متحدہ کی ایجنسیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں جاں بحق افراد کی70فیصد تعداد سیویلینس کی ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ عسکریت پسند گروپس ’’شہریوں کو‘‘انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ آج صبح حملہ میں ایک جوڑا اور ان کے3بچے(جملہ5فلسطینی) شہید ہوئے ۔ فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے تمام پانچ نعشوں کو ملبہ سے نکال لیا ہے ۔ اسرائیلی حملہ میں اس خاندان کا مکان سطح زمین کے ہموار ہوگیا ۔ اسرائیل نے غزہ میں3مسجدوں کو بھی شہید کردیا ۔
صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ فضائی حملوں میں اب تک30مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسس جن مقامات کو نشانہ بنارہے ہیں ان میں زیر زمین راکٹ لانچرس اور اسلحہ بنانے اور ذخیرہ کرنے کے مراکز و نیز دہشت پسندانہ حملوں میں استعمال کئے جانے والے اپارٹمنٹس شامل ہیں ۔ اسرائیل کے سیکوریٹی ذرائع نے بتایا کہ ایک مسجد جو پہلے ہی تباہ کردی گئی ہے ، حماس کے فوجی شعبہ کے ارکان کے درمیان ملاقاتوں کے لئے مبینہ طور پر استعمال کی جارہی تھی ۔ جنوبی غزہ میں ایک اور مسجد کو دہشت گردں کے انفراسٹرکچر کا ذخیرہ کرنے کے لئے استعمال کیا جارہا تھا۔ صیہونی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں ایک مسجد کو حماس کے ارکان، اپنی ملاقات کے مرکز کے طور پر استعما ل کررہے تھے ۔ غزہ کے عسکریت پسندوں نے لڑائی بندی ٹوٹ جانے کے بعد سے اسرائیل پر ریکارڈ تعداد میں راکٹس داغے ہیں۔

5 killed in Israeli air strikes in Gaza as war enters 47th day

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں