تلگو دیشم ایم پی کے ریمارکس پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-09

تلگو دیشم ایم پی کے ریمارکس پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
راجیہ سبھا میں کانگریس ارکان نے خواتین کے لباس کے بارے میں تلگو دیشم کے رکن پارلیمنٹ کے ریمارکس پر ہنگامہ کھڑا کردیا جس کے نتیجہ میں کارروائی کو15منٹ کے لئے ملتوی کرنا پڑا ۔ تحریک آزادی کے دوران اپنی جان قربان کرنے والے مجاہدین آزادی کو خراج پیش کرنے کے فوری بعد کانگریس ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوئے اور تلگو دیشم کے لوک سبھا رکن کے خلاف کارروائی کامطالبہ کیا جنہوں نے کل خواتین کے لباس کے بارے میں کچھ ریمارکس کیے تھے ۔ ان ریمارکس کے خلاف احتجاج کی تائید کرتے ہوئے کانگریس رکن وہپ لوٹھاکر نے کہا کہ ان ریمارکس سے رکن پارلیمنٹ کی ذہنیت آشکار ہوتی ہے۔ انہوں نے رکن پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر دیگر ارکان بھی احتجاج میں شریک ہوگئے ۔ تلگو دیشم پارٹی کے ایک رکن لوک سبھا ایم مرلی موہن نے کل لوک سبھا میں یہ ریمارک کرتے ہوئے ایک تنازعہ کھڑا کردیا تھا جب انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ شائستہ اور پروقار لباس اختیار کریں ۔ ان کے بیان پر خاتون ارکان پارلیمنٹ نے احتجاج شروع کردیا ۔ایک رکن نے یہاں تک کہہ دیا کہ مرلی موہن کو ایوان چھوڑ کر باہر چلے جانے کی ہدایت دی جائے ۔ تلگو دیشم ایم پی کے ریمارک پر آج راجیہ سبھا میں جب احتجاج اور ہنگامہ بڑھنے لگا تو بیجو جنتادل کے ارکان اڈیشہ میں سیلاب کے مسئلہ پر اٹھ کھڑے ہوئے اور یہ جاننا چاہا کہ مسائل سے دوچار عوام کے لئے مرکز کیا اقدامات کررہا ہے؟
اس موقع پر گڑ بڑ و ہنگامہ آرائی کے درمیان صدر نشین حامد انصاری نے15منٹ کے لئے کارروائی ملتوی کردی ۔ واضح ہو کہ تلگو دیشم رکن لوک سبھا مرلی موہن نے کل ایوان میں خواتین سے کہا تھا کہ وہ مناسب اور معتبر لباس زیب تن کریں ۔ لوک سبھا میں دراصل خواتین اور بچون پر ظلم و زیادتی کے موضوع پر مباحث جاری تھے ۔ ان مباحث میں حصہ لیتے ہوئے مرلی موہن نے ریمارک کیا کہ خواتین کو چاہئے کہ وہ شائستہ لباس اختیار کریں اور ہندوستانی تہذیب و روایات کو برقرار رکھیں ۔ یہی واحد طریقہ ہے جس کے ذریعہ ہم اپنی خواتین کی حفاظت کرسکتے ہیں ۔ ان کے ریمارکس پر این سی پی سپر یہ سولے اور کانگریس کی کماری شسمیتا دیو بھڑک گئی تھیں اور ان کے ریمارک ریکارڈ سے حذف کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ آج راجیہ سبھا میں ایوان کی کارروائی کا جب دوبارہ آغاز ہوا تو حالات معمول پر آگئے۔ قبل ازیں حامد انصاری نے کہا کہ9اگست ، مہاتما گاندھی کی شروع کردہ ہندوستان چھوڑ دو تحریک کی72ویں سالگرہ کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ حامد انصاری نے تحریک آزادی میں اپنی جان نچھاور کرنے والے قائدین کو خراچ پیش کیا۔ اس موقع پر ایوان میں ایک منٹ کی خاموشی منائی گئی ۔ تاکہ مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیاجاسکے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں