عملی تیاری اور فوج کو عصری بنانے کو ترجیح - نئے فوجی سربراہ دلبیر سنگھ کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-02

عملی تیاری اور فوج کو عصری بنانے کو ترجیح - نئے فوجی سربراہ دلبیر سنگھ کا بیان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عہدہ پر فائز ہونے کے پہلے دن فوج کے سربراہ جنرل دلبیر سنگھ سہاگ نے آج پاکستان کو انتباہ دیا کہ مستقبل میں سر قلم کرنے جیسے کسی واقعہ کا ہندوستان مناسب سے زیادہ شدید اور فی الفور جواب دے گا۔ انہوں نے آرمی اسٹاف کے سربراہ کی حیثیت سے گارڈ آف آنر لینے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے کہہ سکتا ہوں کہ اس طرح کی کسی حرکت پر ہمارا جواب مستقبل میں مناسب سے کہیں زیادہ شدید اور فی الفور ہوگا۔ فوج کے نئے سربراہ سے سوال کیا گیا تھا کہ ہندوستان نے8جنوری کو پونچھ سیکٹر میں خطہ قبضہ سے متصل ہندوستانی سپاہی لانس نائک ہمراج کا سر قلم کرنے کے بعد ہندوستان کو کس طرح سے منہ توڑ جواب دیا تھا ۔ سابق فوجی سربراہ جنرل بکرم سنگھ نے کل کہا تھا کہ ہندوستا ن نے سر قلم کرنے کے واقعہ کے بعد پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔ خیال رہے کہ پاکستان کی خصوصی فورسس نے گزشتہ سوال جنوری میں ہمراج کا سر قلم کرنے اور لانس نائک سدھا کر سنگھ کی نعش کے ٹکڑے کرنے کی کارروائی انجام دی تھی۔ بعد میں اگست میں انہوں نے پاکستانی خصوصی افواج اور لشکر طیبہ کے دہشت گردوں کے ایک مشترکہ حملہ میں اسی سیکٹر میں5ہندوستانی سپاہیوں کو ہلاک کیا تھا۔
جنرل سہاگ نے ان پر بھروسہ کرنے کے لئے حکومت سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ بی جے پی نے قبل ازیں جنرل سہاگ کو یوپی اے حکومت کی جانب سے مئی میں اپنے اقتدار کے آخری دنوں میں نامزد کرنے کی مخالفت کی تھی لیکن این ڈی اے کے اقتدار میں آنے کے فوری بعد وزیر دفاع ارون جیٹلی نے کہا تھا کہ نئی حکومت یوپی اے دور کے دوران کئے جانے والے تقرر کو برقرا ر رکھے گی ۔ ان کے تقرر پر مرکزی وزیر اور سابق فوجی سربراہ جنرل وی کے سنگھ نے بھی سوال اٹھائے تھے۔ اپنی ترجیحات بیان کرتے ہوئے جنرل سنگھ نے کہا کہ وہ ہندوستانی فوج کی کارروائی انجام دینے کی صلاحیت اور اثر پذیری میں اضافہ کریں گے نیز فوج کو عصری بنانا ، انفراسٹرکچر کو فروغ دینا ، انسانی وسائل سے بہتر استفادہ ، برسر خدمت عملہ اور سابق فوجیوں کی بہبود ان کی ترجیحات میں شامل ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ بندوق بردار عملہ کی بہبود کے لئے وہ ہر ممکن کام کریں گے اور انہیں مفوضہ ذمہ داریوں کو بہتر طریقہ سے ادا کرنے کے لئے درکار آلات اور اسلحہ فراہم کریں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں