وزیر اعظم مودی سے جان کیری کی ملاقات - علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-02

وزیر اعظم مودی سے جان کیری کی ملاقات - علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

نئی دہلی
آئی اے این ایس
امریکی سکریٹی آف اسٹیٹ جان کیری نے جو نئی دہلی کے دورہ پر ہیں ، آج وزیر اعظم نریندر مودی سے باہمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ سمجھاجاتا ہے کہ یہ ملاقات آئندہ ستمبر میں واشنگٹن میں صدر امریکہ بارک اوباماا ور نریندر مودی کے درمیا ن ہونے والی چوٹی ملاقات کا پیش خیمہ ہے ۔ آج کی یہ ملاقات جو40منٹ طویل رہی ، وزیر اعظم کی قیام گاہ(7۔ریس کورس روڈ) میں منعقد ہوئی ۔ کل ہی کیری نے ہند۔ امریکہ 5ویں فوجی مذاکرات کے لئے وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی تھی ۔ دونوں قائدین نے باہمی مسائل اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات پر گفتگو کی ۔ جان کیری نے کل اپنی تقریر میں کہا تھا کہ امریکہ ، مودی حکومت کے اس نظریہ سب کا ساتھ ، سب کا وکاس ، میں مودی حکومت کا شریک بننے سے دلچسپی رکھتا ہے ۔ کیری نے آج صبح11بجے نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ وہ گزشتہ چہار شنبہ کو ایک اعلیٰ سطحی وفد کے قائد کی حیثیت سے نئی دہلی پہنچے تھے ۔ مودی حکومت کے ساتھ امریکہ کایہ پہلا اعلیٰ سطحی ربط ہے ۔
گزشتہ کل کیری۔ سشما سوراج ملاقات کے دوران ہندوستان نے امریکہ کی سائبر تاک جھانک کا مسئلہ اٹھایا اور اس تاک جھانک کو دوسروں کے درمیان ناقابل قبول قرار دیا ۔ تقریباً4گھنٹے مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ انہوں نے کیری کو یہ اطلاع دے دی ہے کہ امریکہ کی جاسوسی سرگرمیوں پر ہندوستانی عوام بہت برہم ہیں۔ کیری نے اپنے جواب میں کہا کہ امریکہ وزیر (سشما سوراج) کے ظاہر کردہ احساسات کا مکمل احترام کرتا ہے اور ان احساسات کو سمجھتا ہے ۔ جہاں کہیں دونوں ممالک کو اپنے مشترکہ مفادات خطرہ میں نظر آئیں ، امریکہ ، ہندوستان کے ساتھ کام کرتا رہے گا ۔ یو این آئی کے بموجب جان کیری نے نریندر مودی سے کہا ہے کہ امریکہ، ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو زبردست اہمیت اور ترجیح دیتا ہے ۔ باہمی تعاون اور عالمی اشتراک دونوں کے لئے ان تعلقات کی بڑی اہمیت ہے ۔ امریکہ آئندہ ستمبر میں ہونے والی چوٹی ملاقات کو ثمر آور بنانے کامتمنی ہے ونیز باہمی تعلقات کے ایک نئے راستہ کے لئے ایک نیا اور شاندار ایجنڈہ مرتب کرنے کا خواہاں ہے ۔ ایک گھنٹہ طویل اس ملاقات کے دوران وزیر اعظم ہند نے کہا کہ دونوں ممالک کے نقاط نظر اور مفادات میں وسیع ارتکاز پایاجاتا ہے ۔ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں مودی نے ہندوستان کے نقطہ نظر اور دنیا کی دو سب سے بڑی جمہوریتوں کے درمیان اشترال کی اہمیت پر زور دیا ۔ نریندر مودی نے تجارت ، سرمایہ کاری ، آلودگی سے پاک توانائی اختراعات ، تعلیم، ہنر مندی کے فروغ ، زراعت، نوجوانوں کو بااختیار بنانے و نیز دیگر شعبوں میں اشتراک کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی ۔

U.S. Secretary of State John Kerry meets PM Narenda Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں