پی ٹی آئی
اڈیشہ میں کئی دریاؤں کے خطرہ کے نشان کو عبور کرنے اور مہا ندی دریا میں ایک بھاری سیلاب کے اندیشہ کی وجہ سے ریاستی حکومت نے آج نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کا تخلیہ کرانے اور بری طرح متاثرہ مواضعات کو راحت کی اشیاء ٹرانسپورٹ کرنے کے لئے اقدامات میں شدت پیدا کردی ہے ۔ ریاست میں بارش سے متعلق واقعات میں تاحال23افراد ہلاک ہوچکے ہیں جہاں وسیع علاقہ بارش کے پانی میں محصور ہوگیا ہے اور سڑک رابطے منقطع ہوگئے ہیں کیونکہ مہا ندی اور بیتا رانی دریاؤں کے خطرہ کے نشان سے اوپر بہنے کے بعد بدستور سیلاب کی صورتحال بنی ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر نوین پٹنائک نے صورتحال کاجائزہ لیا ہے اور اسپیشل ریلیف کمشنر کے دفتر کے کنٹرول روم کا دورہ کیا ہے ۔ فی الحال سیلاب کی صورتحال قابو میں ہے ۔ا نہوں نے مہا ندی دریا میں بھاری سیلاب کے اندیشہ کے پیش نظر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد نامہ نگاروں سے یہ بات کہی ۔ نشیبی علاقوں سے عوام کے تخلیہ اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے ریلیف کے سامان کی سربراہی جیسے درکار اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ صورتحال سے نمٹا جاسکے ۔ اسپیشل ریلیف کمشنر پی کے موہا پترا نے کہا کہ بالائی آبگیر علاقوں میں شدید بارش کی وجہس ے لبریز ہوکر بہنے والے مہا ندی دریا میں پانی کی تیزی سے روانی جاری ہے ۔ ہری کنڈ ذخیرہ آب میں پانی کی سطح مکمل گنجائش 630فٹ کے برخلاف628فٹ تک بڑھ گئی ہے ۔ انہوں نیکہا کہ آج نصف شب کے دوران مندوکی کے توسط سے دریا میں زائد از2لاکھ کیوزکس پانی پہنچنے کا امکان ہے ۔ چنانچہ ذخیرہ آب سے زائد پانی کے اخراج کے لئے ہری کنڈ ڈیم کے چند گیٹس کھول دئیے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہا ندی کی سیلابی پانی توقع ہے کہ کل ڈیلنا علاقہ سے ٹکرائے گا ۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ آبی وسائل سریش موہا پترا نے کہا ہے کہ ہری کنڈا ڈیم کے40گیٹس کھولے جاچکے ہیں اور امکان ہے کہ مزید گیٹس کھولے جائیں گے کیونکہ تقریباً7.5لاکھ کیوزکس پانی ذخیرہ آب میں پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دریا کے پشتوں کے ٹوٹنے کو باز رکھنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ غیر محفوظ پوائنٹس کی مستقل نگرانی کے لئے طلایہ گری میں شدت پیدا کردی گئی ہے کیونکہ کٹک ، جگت سنگھ پور، کیندرا پاڑہ پوری ، بودھ ، کھردا اور نایا گڑھ جیسے اضلاع مہاندی دریا میں طغیانی کی وجہ سے متاثر ہونے کا امکان ہے ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں