مستقل جندی بندی کے لئے قاہرہ میں سرگرمیاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-07

مستقل جندی بندی کے لئے قاہرہ میں سرگرمیاں

غزہ؍ یروشلم
پی ٹی آئی
غزہ کے فلسطینی عوام اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے بعد آج دوسرے دن بھی تباہی کا اندازہ کرنے میں مصروف ہیں جب کہ دوسرے دن امن کی حالت میں ہزارہا فلسطینی جو اسرائیلی بمباری کے بعد گھر بار چھوڑ کر چلے گئے تھے اپنے گھروں کو واپس ہورہے ہیں۔72گھنٹے کی جنگ بندی پر کل سے عمل شروع ہوا جس سے دونوں جانب کے لاکھوں عوام کو راحت کی سانس ملی ۔ ایک ماہ طویل جنگ میں جہاں1900فلسطینی شہید ہوگئے جن میں بیشتر عام شہری ہیں وہیں اسرائیل کے67افراد ہلاک ہوئے جن میں صرف تین شہری اور باقی تمام سپاہی ہیں۔ اسی دوران مستقل امن یا طویل جنگی بندی کے لئے مصر میں دونوں فریق ڈپلومیسی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ غزہ میں لوگ اپنے تباہ شدہ مکانات ، دکانوں ، بینکس اور بازاروں کے نقصانات کا تجزیہ کرنے میں مصروف ہیں ۔ بے شمار عمارتیں مکمل تباہ ہوگئیں۔ ایمر جنسی خدمات کے ذریعہ ملبہ کے ڈھیر ہٹانے کا کام شروع ہوچکا ہے تاکہ تباہ شدہ عمارتوں میں دبی امکانی نعشوں کاپتہ چلایاجاسکے ۔ بیشتر فلسطینیوں کے لئے اپنی تباہ حال زندگی کی دوبارہ بحالی ایک دور کا خواب نظر آتا ہے ۔ ان کے پاس سب سے بڑا اور پہلا چیلنج پانی، دودھ، غذا اور سہارا جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی ہے ۔ علاقہ میں پانی کی شدید قلت ہے اور بجلی صرف2تا4گھنٹے سپلائی کی جاسکتی ہے ۔ اقوام متحدہ کے امدادی ادارہ یو این آر ڈبلیو اے نے غزہ میں اپنے اسکولی عمارتوں میں تقریباً2لاکھ70ہزار عوام کو آسرا دیا ہے ۔ اسی دوران مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اسرائیلی اور فلسیطنی نمائندوں کے درمیان بالواسطہ طور پر بات چیت جاری ہے۔ مصری مصالحت کار دونوں وفود کے درمیان چکر لگاتے ہوئے ان کے مطالبات ایک دوسرے کو پہنچا رہے ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں