بی جے پی کے ساتھ کسی بھی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا - محبوبہ مفتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-11

بی جے پی کے ساتھ کسی بھی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا - محبوبہ مفتی

جموں
یو این آئی
بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کے ساتھ ریاست جموں و کشمیر میں قبل از انتخابات یا انتخابات کے بعد کسی بھی طرح کے سمجھوتہ کو مسترد کرتے ہوئے پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی( پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی نے امید ظاہر کی ہے کہ پارٹی ریاست میں اپنے دم پر حکومت بنائے گی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ پی ڈی پی کسی بھی قیمت پر بی جے پی کے ساتھ گٹھ جوڑ نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی آئندہ اکتوبر نومبر میں ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کر کے اپنے دم پر حکومت بنائے گی ۔ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ ریاستی عوام نے پارلیمانی انتخابات میں دل کھول کر اپنے ووٹوں کا استعمال پی ڈی پی کے لئے کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارلیمانی انتخابات کی طرح اسمبلی انتخابات کے نتائج بھی مختلف ہوں گے ۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی44سے زائد سیٹیں حاصل کرنے کے مشن پر گامزن ہوگئی ہے جب کہ پی ڈی پی نے وادی کشمیر کی تین پارلیمانی سیٹیں جیت کر پہلے ہی41اسمبلی حلقوں پر اپنی اکثریت ظاہر کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی جموں و کشمیر میں ایک مستحکم حکومت بنانے کے لئے سخت کوشش کررہی ہے ۔ کیا پی ڈی پی کانگریس کے ساتھ گٹھ جوڑ کرے گی کے سوال کے جواب میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی مخلوط سرکار نے پہلے ہی ریاست کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دونوں جماعتیں ریاست میں کرپشن اور ناقص حکمرانی کے لئے ذمہ دار ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں