20 سال بعد لالوپرساد - نتیش کمار کی پہلی ملاقات - انتخابی ریلی سے خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-12

20 سال بعد لالوپرساد - نتیش کمار کی پہلی ملاقات - انتخابی ریلی سے خطاب

پٹنہ
آئی اے این ایس
صدر آر جے ڈی لالو پرساد یادو اور قائد جنتادل یو نتیش کمار نے آج یہاں ایک انتخابی ریالی کے موقع پر ملاقات کی اور ایک دوسرے سے بغلگیر ہوئے۔20برسوں کی طویل مدت میں دونوں قائدین کی یہ پہلی ملاقات تھی ۔ بہار میں دس اسمبلی حلقوں کے لئے ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں۔ آج اسمبلی حلقہ حاجی پور( ضلع ویشالی) میں انتخابی ریالی سے عین قبل دونوں قائدین نے ملاقات کی ۔(جنتا دل یو اور آر جے ڈی کے درمیان اتحاد1994ء میں ختم ہوگیا تھا) لالو پرساد یادو نے صدر سماج وادی پارٹی( ایس پی) ملائم سنگھ یادو اور صدر بہوجن سماج پارٹی( بی ایس پی) مایاوتی سے اپیل کی کہ وہ اتر پردیش میں بی جے پی کو شکست دینے اتحاد کرلیں۔(بی جے پی نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں یوپی کی80کے مجملہ71نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے)لالو پرساد نے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’میں مایاوتی اور ملائم سنگھ یادو دونوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بی جے پی کو شکست دینے اسی طرح اتحاد کرلیں جس طرح ہم نے کیا ہے‘‘۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں یوپی سے سماج وادی پارٹی کو صرف پانچ نشستوں پر کامیابی ملی جب کہ بی ایس پی کا عملاً صٖفایا ہوگیا ۔ لالو پرساد نے کہا کہ وہ اور نتیش کمار سارے ملک میں غیر بی جے پی طاقتوں کے اتحاد کی پرزور اپیل کرتے ہیں ۔ یہ ایک نئی شروعات ہے تاکہ بی جے پی کے خلاف ہم خیال شخصیتوں کے مستحکم اتحاد کی تشکیل کو یقینی بنایا جائے ۔ لالو پرساد نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ، انتخابی وعدہ پورا نہ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ ہم نے بی جے پی کے خطرناک عزائم کے پیش نظر ہاتھ ملا لئے ہیں۔ نتیش کمار نے بھی وزیر اعظم نریندرمودی کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ عوام کو’’ وعدہ کردہ‘‘اچھے دنوں کا ہنوز انتظار ہے ۔ جنتادل یو کے لوک سبھا انتخابات میں بہار کی40نشستوں کے منجملہ صرف دو سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی جب کہ2009کے انتخابات میں بی جے پی سے اتحاد کے سبب اس کو20نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ جنتادل یو نے سال گزشتہ بی جے پی سے اپنے تعلقات منقطع کرلئے، اس طرح بی جے پی سے جنتادل یو کا17سالہ اتحاد ختم ہوگیا ۔ آج صبح ہی سے پٹنہ سے30کلو میٹر دور حاجی پور کے قریب کھلے میدان پر آرجے ڈی اور جنتادل یو کے کارکن جمع ہوگئے تھے ۔ عوام دونوں ہی قائدین کو دیکھنا چاہتے تھے ۔ دونوں ہی نے بہار کے چیف منسٹرس کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں ۔ صدر ریاستی آر جے ڈی رام چندر پروے نے کہا کہ دونوں ہی قائدین پھر ایک بار آئندہ17اگست کو اسمبلی حلقہ جات نرکٹیا گنج ، اور چھپرا میں مل کر مہم چلائیں گے ۔1991کے لوک سبھا انتخابات میں لالو پرساد اور نتیش کمار نے مل کر مہم چلائی تھی۔ ریاستی حکمراں جنتادل یو کی نئی حلیف جماعتیں آر جے ڈی اور کانگریس، بی جے پی کو شکست دینے ضمنی انتخابات میں مل کر مقابلہ کررہی ہیں۔ اس اتحاد کا اعلان گزشتہ30جولائی کو کیا گیا تھا اور ان دونوں پارٹیوں کے قائدین نے کہا تھا کہ سیکولر طاقتوں کو مستحکم کرنے ایسا اتحاد ضروری ہے۔

Lalu Prasad Yadav, Nitish Kumar shared dais today after 20 years

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں