انتہا پسند تنظیمیں عالمی خفیہ اداروں کی پیداوار ہیں - سعودی مفتی اعظم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-10

انتہا پسند تنظیمیں عالمی خفیہ اداروں کی پیداوار ہیں - سعودی مفتی اعظم

ریاض
عرب نیوز
سعودی عرب کے مفتی اعظم عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا ہے کہ اسلام کی داعی انتہا پسند تنظیمیں بین الاقوامی خفیہ ایجنسیوں کی پیداوار ہیں اور ان کا مقصد زمین میں فساد پھیلانا ہے ۔ کثیر الاشاعت پین عرب اخبار الشرق الاوسط نے ریاض کی جامع الامام ترکی بن عبدالعزیز میں مفتی اعظم کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ’کسی مومن کا دوسرے مومن کو جان بوجھ کر قتل کرنا قطعاً جائز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ درست ایمان کا تقاضہ ہے کہ مسلمانوں کی زندگیوں کا احترام کیاجائے ، قتل کرنا کمال ایمان کی ضد اور کمی کی دلیل ہے ۔ علماء کی سپریم کونسل کے سربراہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج قتل مقاتلے کی انتہائی قابل نفرت صورتیں ہمارے سامنے آرہی ہیں ۔ یہ اقدامات اسلام دشمنی کا پہلا مرحلہ ہیں۔ ان جرائم کا پرچار میڈیا پر دیکھنے میں آتا ہے ، جسے دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ مسلمان دوسرے مسلمان کو کیسے قتل کرتا ہے ۔ ایسے قتل کے مرتکب افراد کے ڈانڈے بین الاقوامی خفیہ ایجنسیوں سے ملتے ہیں ۔ یہی مسلمانوں کا خون بہانے کے درپے ہیں اور یہی بڑے بڑے جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں۔ اسلامی شریعت کا ان معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ تمام مسلمانوں کو انہیں مسترد کرنے کا حق حاصل ہے ۔ مفتی دیار مملکت نے کہا کہ ان جماعتوں نے اپنے جرائم کو اسلام کا نام دے کر چھپانے کی کوشش کرتی ہیں اور حتمی طور پر اسے جہاد قرار دیتی ہیں ۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اپنی غیر اسلامی حرکتوں کو جہاد کا نام دیتے ہیں ، انہیں جان لینا چاہئے کہ وہ جہاد نہیں بلکہ ظلم اور زیادتی کا ارتکاب کررہے ہیں، جو کسی طور پر جہاد قرار نہیں دی جاسکتی ۔ انہوں نے مسلمان نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ انتہا پسند جماعتوں کا ہدف نہ بنیں کیونکہ ان کی نیت زمین میں فساد پھیلانا ہے ۔

Mufti of Saudi Arabia: a global intelligence made ​​extremist groups

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں