پلوامہ میں بی ایس ایف گاڑی پر فائرنگ - 2 جوان ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-17

پلوامہ میں بی ایس ایف گاڑی پر فائرنگ - 2 جوان ہلاک

سری نگر
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر میں آج سہ پہر اونتی پورہ میں فضائیہ( آئی اے ایف) کے ہوائی میدان کے بالکل باہر بارڈر سیکوریٹی فورس( بی ایس ایف) کی گاڑی پر عسکریت پسندوں کی فائرنگ میں بی ایس ایف کے دو جوان ہلاک اور دیگر چار زخمی ہوگئے ۔ سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ سری نگر سے33کلو میٹر دور پلوامہ میں بارڈر سیکوریٹی فورس دستہ کی تبدیلی( گارڈ کی تبدیلی) عمل میں آرہی تھی ۔ کہ عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے خود کار اسلحہ سے فائرنگ کردی ۔ بی ایس ایف کے دستہ کو انڈین ایر فورس ایر فیلڈ کی حفاظت کے لئے متعین کیا گیا ہے ۔ یہ دستہ بی ایس ایف کی165ویں بٹالین کی ’’جی‘‘ کمپنی سے تعلق رکھتا ہے جس پر عسکریت پسندوں نے حملہ کیا۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ’’بی ایس ایف اسکواڈ‘‘ فوجی جپسی گاڑی میں تھا۔ عسکریت پسندوں کی فائرنگ میں دو جوان ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ۔‘‘ اس فائرنگ کے فوری بعد بی ایس ایف کے دیگر جوانوں نے جو وہاں موجود تھے ، جوابی فائرنگ کی لیکن حملہ آور عناصر فرار ہوگئے۔ راشٹریہ رائفلز اور بی ایس ایف کی کمک، فوری اس مقام پر پہنچ گئی ۔ اور حملہ آوروں کی تلاش کا کام شروع کردیا۔ زخمیوں کو قریب میں واقع ایک فوجی اڈہ کے ہسپتال میں شریک کرادیا گیا ۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے بی ایس ایف گاڑی پر کویل کے مقام پر فائرنگ کی۔ اے ایس ٹی ، آر یا اور ہیڈ کانسبٹل ایس یادو ، زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ زخمیوں کے نام یہ ہیں : جئے پرساد ، امر بہادر ، پی سنگھ اور ونود کمار(کانسٹبلس) ۔فائرنگ کے بعد عسکریت پسند عناصر ، آم کے قریبی باغات میں فرار ہوگئے ۔ کسی بھی عسکریت پسند تنظیم نے تاحال اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ گزشتہ11اگست سے سیکوریٹی فورسس پر یہ چوتھا اور بی ایس ایف عملہ پر دوسرا حملہ تھا۔ تشدد کے واقعات میں اب تک6افراد بشمول سیکوریٹی عملہ کے5ارکان ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ گزشتہ11اگست کو عسکریت پسندوں نے پامپور کے مقام پر بی ایس ایف قافلہ پر حملہ کیا تھا جس میں8ارکان عملہ زخمی ہوگئے تھے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں