کانگریس آج پارلیمنٹ میں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کا مسئلہ اٹھانے پر اٹل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-11

کانگریس آج پارلیمنٹ میں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کا مسئلہ اٹھانے پر اٹل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ادارہ عالمی تجارت(ڈبلیو ٹی او) میں فوڈ سیکوریٹی کے مسئلہ پر یوپی اے حکومت کی مفاہمت سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے ریمارک سے پریشان کانگریس نے وضاحت کی کہ کل پارلیمنٹ کے اجلاس میں اس مسئلہ کو اٹھایا جائے گا ، کیوں کہ یہ بیان سراسر غلط ہے ۔ سابق وزیر کامرس آنند شرما نے بتایا کہ مودی کا بیان نہ صرف گمراہ کن ہے بلکہ عوام کو الجھنوں کا شکار کرنے کی غرض سے دیا گیا ہے ۔ مودی نے کہا تھا کہ یوپی اے حکومت کی مخالفت فوڈ سیکوریٹی سے متعلق ان کا موقف کسانوں کے مفادات میں ہے ۔ آنند شرما نے کہا کہ مودی کے اس بیان سے پارلیمنٹ میں5اور6اگست کو مملکتی وزیر کامرس و صنعت کے بیان کی تردید ہوتی ہے ۔ انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ بالی میں حق فوڈ سیکوریٹی اور کاشتکاروں کے مفادات کو نظر انداز کرنے سے متعلق وزیر اعظم کا بیان حیرتناک اور سراسر غلط ہے کہ حقائق سے اس کا کوئی سروکار نہیں۔ راجیہ سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما نے کہا کہ دونوں ایوانوں کا اجلاس جاری ہے اور ایسی صورت حال میں حقائق سے واقفیت ارکان پارلیمنٹ کی مراعات میں شامل ہے۔ عوام اور ارکان پارلیمنٹ کا اس حقیقت سے آگاہ ہونا ضروری ہے کہ دونوں میں سے کس کا بیان صحیح ہے ۔ وزیر اعظم کا بیان صحیح ہے یا پھر مملکتی وزیر صحیح کہہ رہے ہیں۔ کانگریس پیر کو پارلیمنٹ میں یہ مسئلہ ضرور اٹھائے گی ۔ سابق مرکزی وزیر نے مودی کے بیان پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم نے کل بی جے پی کے قومی کونسل اجلاس میں کہا تھا کہ فوڈ سیکوریٹی کے نام پر ووٹ مانگنے والوں نے غریب عوام کے مفادات کو قربان کرتے ہوئے معاہدوں پر دستخط کردیا ۔ شرما نے گزشتہ سال بالی میں ایک معاہدہ پر دستخط کیا تھا جس میں دیگر شرائط کے ساتھ ساتھ31جولائی2014تک ٹی ایف اے پر دستخط سے اتفاق کیا گیا تھا۔

Uproar in Rajya Sabha over WTO issue

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں