یو این آئی
تلنگانہ حکومت کی جانب سے عوام کو سرکاری اسکیموں کے فوائد پہنچانے کے لئے19اگست کو کئے جانے والے گھریلو سروے کے فارم اردو داں طبقہ کی سہولت کے لئے اردو زبان میں شائع کئے گئے ہیں ۔ یہ فارم قبل ازیں تلگو زبان میں شائع کئے گئے تھے جس سے اردو جاننے والے عوام میں کافی تشویش پیدا ہوگئی تھی ۔ اردو میں فارم دستیاب نہ ہونے سے مسلمانوں میں کافی بے چینی پائی جارہی تھی لیکن تلنگانہ حکومت نے اس تشویش کو دور کرتے ہوئے گھریلو سروے کے فارم اردو میں شائع کئے ہیں۔ یہ فارم گریٹر حیدرآباد بلدیہ کی ویب سائٹwww.ghmc.gov.inپر دستیاب ہے ۔ سروے میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی تربیت مکمل ہوگئی ہے ۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے ان اہلکاروں کی تربیتی کلاسز سے خطاب کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ نئے راشن کارڈس یا وظائف کی منظوری سے اس سروے کا کوئی تعلق نہیں ہے ، بلکہ مستحق افراد تک سرکاری اسکیموں کے فائدے پہنچانے اور مستحق افراد کی نشاندہی کے لئے یہ سروے کیاجارہا ہے کیونکہ تلنگانہ کی نئی حکومت کو نئی سرکاری اسکیموں اور پروگراموں کے لئے مستحق افراد کی نشاندہی میں دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ پچھلی حکومتوں کی اسکیموں میں کئی نقائص ہیں اور مستحق افراد تک ان کے فائدے نہیں پہنچ پارہے ہیں ، تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں سروے میں حصہ لینے والے ملازمین کو تربیت دی گئی ہے دیواروں پر پوسٹرس لگاتے ہوئے عوام میں سروے کے تعلق سے بیداری پیدا کی گئی ۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سی رمیش نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سروے میں حصہ لیں ۔ ورنگل کی کاکتیہ یونیورسٹی میں ٹی آر ایس کی طلبہ تنظیم ٹی آر ایس وی نے سروے کو کامیاب بنانے کے لئے تشہیر کی ۔ طلبہ نے ریالی نکالی اور عوام میں اس تعلق سے بیداری پیدا کی ۔ اسی دوران شہر حیدرآباد کے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن میں تلنگانہ ایڈوکیٹ نے بینرس لگاتے ہوئے مسافرین میں اس سروے کے تعلق سے بیداری پیدا کرتے ہوئے اس کی اہمیت سے واقف کروایا۔
Telangana household survey forms are available in Urdu language
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں