آندھرا تلنگانہ - متنازعہ مسائل کی با ت چیت کے ذریعہ یکسوئی سے اتفاق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-18

آندھرا تلنگانہ - متنازعہ مسائل کی با ت چیت کے ذریعہ یکسوئی سے اتفاق

حیدرآباد
آئی اے این ایس
آندھرا پردیش و تلنگانہ کے چیف منسٹرس نے دونوں ریاستوں کے درمیان متنازعہ مسائل کی بات چیت اور باہمی تعاون کے ذریعہ یکسوئی کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ چیف منسٹرآندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو اور ان کے تلنگانہ ہم منصب کے چندر شیکھر راؤ نے دونوں ریاستوں کے ملازمین کی تقسیم کا مسئلہ چیف سکریٹریز کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سینئر عہدیداروں کے ہمراہ انہوں نے2گھنٹے تک راج بھون میں بات چیت کی تاکہ دونوں ریاستوں کے درمیان مختلف امور پر اختلافات کو ختم کیاجاسکے ۔ ابتدائی نصف گھنٹے تک گورنر ای ایس ایل نرسمہن بھی موجود رہے۔ بعد ازاں چیف منسٹرس نے تفصیلی بات چیت کی۔ جون میں حکومت کی تشکیل کے بعد آندھرا پردیش کی تقسیم سے پیدا ہونے والے مسائل پر بات چیت میں پہلی مرتبہ رسمی طور پر دونوں چیف منسٹرس نے حصہ لیا ۔ گورنر کی پہل پر یہ بات چیت منعقد ہوئی ۔ نائیڈواور چندر شیکھر راؤ کے درمیان بات چیت دوستانی اور خیر سگالی ماحول میں ہوئی ۔ بات چیت کو بہتر شروعات قرار دیتے ہوئے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ بات چیت ثمر آور رہی ۔ اگر ضرورت پڑے تو ہم مسائل کی یکسوئی کے لئے دو یا تین مرتبہ ملاقات کریں گے۔ تلنگانہ کے چیف منسٹرنے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ملازمین کی تقسیم سے متعلق مسائل کی یکسوئی کے لئے چیف سکریٹریز بات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ45ہزارملازمین کی تقسیم پہلے ہی ہوچکی ہے ۔ ماباقی چند ہزار ملازمین کے مسئلہ پر دونوں عہدیدار بات چیت کریں گے ۔ ٹی آر ایس کے سربراہ نے کہا کہ اجلاس میں دیگر مسائل بشمول حیدرآباد میں واقع اداروں سے متعلق مسئلہ کی یکسوئی بھی رہنمایانہ خطوط کے مطابق کرنے پر رضا مندی ظاہر کی گئی ہے۔ آندھرا پردیش کے چیف سکریٹری آئی وائی آرکرشنا راؤ اور ان کے تلنگانہ ہم منصب راجپو شرما آندھرا پردیش اسمبلی کے اسپیکر کو ڈبلا شیواپرساد راؤ اور ان کے تلنگانہ کے ہم منصب مدھو سدھن چاری اور بعض دیگر عہدیداروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ اجلاس سے قبل چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ حیدرآباد میں ڈائرکٹوریٹس اور سکریٹریٹ میں ملازمین کی تقسیم سے متعلق مسائل کی یکسوئی بات چیت کے ذریعہ کی جائے گی ۔ دونوں ریاستیں کئی مسائل پر بشمول ملازمین کی تقسیم ، برقی اور آبی اور برقی حصہ داری اور پیشہ وارانہ کالجس میں داخلوں جیسے مسائل پر ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ء تھے ۔

Andhra Telangana Ready to discuss all contentious issues

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں