پی ٹی آئی
حکومت تلنگانہ نے اپنے ملازمین کے لئے’’تلنگانہ اسپیشل انکریمنٹ‘‘ منظور کرتے ہوئے آج ضروری احکام جاری کردئیے ۔ واضح ہوکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے علیحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران سرکاری ملازمین سے وعدہ کیا تھا کہ جب علیحدہ تلنگانہ تشکیل پاجائے گا اور ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہوگا تو تمام سرکاری ملازمین کو خصوصی اضافی تدریجی جاری کیاجائے گا ۔ ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اسپیشل انکریمنٹ ، اگست2014کی تنخواہ کے ساتھ جاری کیاجائے گااور ملازم کی سبکدوشی تک اسے ہر ماہ خصوصی انکریمنٹ حاصل ہوتا رہے گا ۔ یہ انکریمنٹ گورنمنٹ ڈگری کالجوں ، پالی ٹیکنک کالجوں اور یوجی سی و اے آئی سی ٹی ای کی توثیق شدہ یونیورسٹیوں کے ملازمین کو بھی ادا کیاجائے گا ۔ اسی دوران حکومت تلنگانہ نے ریاست کے کسانوں کے ایک لاکھ روپے تک کے زرعی قرض معاف کرتے ہوئے آج احکام جاری کردئیے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کی کابینہ نے قرضوں کی معافی کے سلسلہ میں ایک قرار داد کی توثیق کی تھی اور اسی اقدام کے پس منظر میں آج کسانوں کے ایک لاکھ روپے تک قرض کی معافی سے متعلق احکام جاری کردئیے گئے ہیں۔ واضح ہو کہ ٹی آر ایس نے انتخابی مہم کے دوران زرعی کسانوں کے ایک لاکھ روپے تک کے قرض معاف کردینے کا وعدہ کیا تھا ۔ نمائندہ منصف کے بموجب حکومت تلنگانہ نے پرنسپال سکریٹری پنچایت راج و دیہی ترقیات کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ محکمہ سیول سپلائز کے لئے انفارمیشن ٹکنالوجی پر مبنی اپلی کیشنز تیار کئے جاسکیں۔
یہ کمیٹی موجودہ راشن کارڈس کی جگہ نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے طریقہ کار پر بھی کام کرے گی ۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں کمشنر سیول سپلائز کنوینر ہوں گے جب کہ سکریٹری محکمہ فینانس ، سکریٹری محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی ،نائب صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر سیول سپلائز کارپوریشن ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر جنرل یونیک آئیڈنٹیٹی فکیشن اتھاریٹی آف انڈیا حیدرآباد بطور رکن شامل ہیں ۔ سکریٹری محکمہ سیول سپلائز سی پارتھاسارتھی کے بموجب کمیٹی کی تجاویز اور فیصلے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ محکمہ سیول سپلائز کی تمام آئی ٹی ضرورتوں کی تکمیل ہو ۔ عوامی نظام تقسیم کو موثر بنانے کے لئے بھی یہ کمیٹی کام کرے گی ۔ موجودہ راشن کارڈس کی جگہ نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے طریقہ کار ، قومی غذائی سلامتی ایکٹ پر عمل آوری ، آدھار سیڈنگ ، ای پی ڈی ایس وغیرہ کے امور پر بھی کمیٹی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
Telangana Govt issues order for special increment to state employees
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں