ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی پر اظہار افسوس - نواز شریف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-10

ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی پر اظہار افسوس - نواز شریف

اسلام آباد
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نواز شریف نے اہم ہمسایہ ملک ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہونے کا یہی صحیح وقت اور موقع ہے ۔ انہوں نے نیشنل سیکوریٹی کانفرنس سے خطاب کے دوران پڑوسی ممالک کے ساتھ روابط پر بے اطمینانی کا اظہار کیا ۔ کانفرنس میں وفاقی وزراء چیف منسٹرس ، اہم سیاسی جماعتوں کے قائدین فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف و دیگر سیول فوجی قائدین کے علاوہ آئی ایس آئی سربراہ لفٹننٹ جنرل ظہیر الاسلام بھی شریک تھے ۔ وزیر اعظم نے خصوصی طور پر ہندوستان کے حوالہ سے کہا کہ پڑوسی ملک کے ساتھ تعلقات میں بہتری ضروری ہے ۔ انہوں نے ساتھ ہی یہ توقع بھی ظاہر کی کہ معتمدین خارجہ کے مجوزہ اجلاس سے تعلقات میں فروغ کے امکانات روشن ہوں گے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ایک اور پڑوسی ملک افغانستان کے ساتھ بہترتعلقات کا خواہاں ہے اور توقع ہے کہ ملک کی نئی قیادت ان کے ساتھ تعاون کرے گی۔ نواز شریف نے اعتدال پسند عالم طاہر القادری کو ہدف تنقید بنایا جو سلسلہ وار احتجاجی مظاہروں کے دوران حکومت کو چیالنج کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں پنجاب میں پولیس کے ساتھ جھڑپ کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ وزیر اعظم نے تحریک انصاف پارٹی قائد اور سابق کرکٹر عمران خان کے ساتھ مفاہمت کا رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انتخابات میں دھاندلی کا مسئلہ حل کرنے اور بعض حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے تیار ہے۔ عمران خان نے14اگست کو ایک بڑی ریالی منظم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد گزشتہ سال کے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کا مظاہرہ ہے ۔ نواز شریف اسی انتخابات میں کامیابی کے بعد بر سر اقتدار ہوئے تھے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری نمایاں ہورہی ہے ۔

Nawaz Sharif regrets Pakistan's bad relations with India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں