غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر اسرائیل کی بمباری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-10

غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر اسرائیل کی بمباری

غزہ؍ یروشلم
پی ٹی آئی
اسرائیلی جیٹس نے غزہ میں حماس کے 30سے زائد ٹھکانوں پر بمباری کر کے5فلسطینیوں کو ہلاک کردیا ۔ اسی دوران حماس کے زیر کنٹرول غزہ پٹی سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔ ایک ماہ سے جاری جھڑپ کے نتیجہ میں تقریباً دو ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ تین روزہ لڑائی بندی کے اختتام کے ساتھ ہی دونوں جانب سے تشدد میں اضافہ ہوا ہے ۔ اسرائیلی افواج نے غزہ میں آج صبح33مقامات پر فضائی حملوں کا دعویٰ کیا جب کہ اسرائیل کے جنوبی علاقہ میں پانچ راکٹس گرے۔ اسرائیلی فضائی حملوں میں پانچ فلسطینی ہلاک ہوئے جن میں ان 3کی نعشیں بھی شامل ہیں جو شہید مسجد کے ملبے سے برآمد کی گئیں۔ غزہ میں ہاسپٹل عہدیداروں نے یہ اطلاع دی ۔ جولائی کے اوائل سے جاری جھڑپ کے دوران1960سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں1900فلسطینی شامل ہیں۔ مہلوک فلسطینیوں میں عام شہریوں کی تعدا د بہت زیادہ ہے ۔ اب تک67اسرائیلی ہلاک ہوئے جن میں3عام شہری شامل ہیں ۔ لڑائی بندی کا وقفہ ختم ہوتے ہی اسرائیل نے جارحانہ کارروائیاں دوبارہ شروع کردی اور ساتھ ہی یہ جواز بھی پیش کیا کہ یہ فضائی حملے حماس کے زیر کنٹرول علاقہ سے راکٹ حملوں کے جواب میں ہیں ۔ جنوبی اسرائیل کے عوام نیند کی آغوش میں تھے کہ علی الصبح سائرن کی انتباہی گونج شروع ہوئی کیونکہ حماس کی جانب سے اندھا دھند راکٹ حملے شروع ہوچکے تھے ۔ غزہ پٹی عسکریت پسندوں (مجاہدین) نے مقامی وقت کے مطابق صبح7بجے ہی راکٹ حملے شروع کردئیے تھے ۔ وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے حماس کے راکٹ حملے شروع ہوتے ہی جوابی کارروائی کاعہد کررکھا تھا لہذا انہوں نے جارحانہ کارروائیوں کا حکم صادر کردیا ۔ اسرائیلی ایر فورس نے کئی مقامات پر فضائی حملے کئے جن میں ایک مسجد سے متصل راکٹ لانچنگ ہیڈ بھی شامل ہے ۔ علاوہ ازیں ایک مکان کو بھی نشانہ بنایا گیا جو کمانڈ سینٹر کی حیثیت سے زیر استعمال تھا ۔ امریکہ اور اقوام متحدہ نے اسرائیل اور فلسطینی مجاہدین گروپ حماس کے درمیان تشدد دوبارہ شروع ہونے کی مذمت کی ہے ۔ لڑائی بندی کا واقعہ جمعہ کی شب ختم ہوچکا تھا ۔ وائٹ ہاؤز ترجمان جوش ارنیسٹ نے فریقین سے پائیدار لڑائی بندی کے اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ارنیسٹ نے کہا کہ حماس کی جانب سے راکٹ حملوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کے فیصلہ سے اسرائیلی اور غزہ کے عوام وسیع تر خطرات سے دوچار ہوں گے اور فلسطینی عوام کو حصول مقصد اور توقعات کی یکسوئی سے متعلق کوئی فائدہ بھی نہیں ہو گا۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کیمون نے بھی خطہ میں تشدد کے دوبارہ شروع ہونے پر اظہار افسوس کے ساتھ اس کی مذمت کی ۔ انہوں نے علاقہ میں عوام کی ہلاکتوں کو ناقابل قرار دیا ۔ قاہرہ میں طویل مدتی جنگ بندی پر اتفاق رائے پیدا نہ ہونے کے سبب لڑائی دوبارہ شروع ہوئی ۔

Israel's bombardment of Hamas targets in Gaza

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں