سیول سرویسس ابتدائی امتحان ملتوی کرنے سے سپریم کورٹ کا انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-24

سیول سرویسس ابتدائی امتحان ملتوی کرنے سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سپریم کورٹ نے سیول سرویسس ابتدائی امتحان کو ملتوی کرنے سے آج انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ پرچہ امتحان کے حصہ تفہیم (کامپریہنشن) سے متعلق طلباء کے اعتراضات کو رفع کردیا گیا ہے ۔ لمحہ آخر میں اس امتحان کو روکا نہیں جاسکتا ۔9لاکھ طلباء اس امتحان میں شرکت کے لئے تیار ہیں۔(یہ امتحان،24اگست کو مقرر ہے)آج کا م کا دن نہ ہونے کے باوجود سپریم کورٹ کے خصوصی بنچ نے طلباء کی درخواست کیس ماعت کی اور امتحان کے انعقاد کے خلاف حکم التوا جاری کرنے کی التجا خارج کردی ۔ جسٹس جے ایس کیہر اور جسٹس ارون مشرا پر مشتمل بنچ نے صبروسکون کے ساتھ آدھے گھنٹہ تک مباحث کی سماعت کی لیکن وکیل درخواست گزار کے اس استدلال سے اتفاق نہیں کیا کہ امتحان کے طریقہ کار سے ان طلباء پر عنایت بے جا ہوتی ہے جو سائنس پس منظر کے حامل ہیں ۔ بنچ نے کہا کہ’’ آپ نے( درخواست گزار نے) صرف ایک نکتہ اٹھایا ہے جو حصہ تفہیم سے متعلق ہے اور اس اعتراض کو رفع کردیا گیا ہے ۔ نقص کا ازالہ ہوچکا ہے ۔‘‘ عدالت نے یونین پبلک سروس کمیشن کے اس فیصلہ کا حوالہ دیا جس میں امیدواروں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ ابتدائی امتحان کے پوچہ کے انگلش کامپریہنشن سکشن کے سوالات کا جواب نہ دیں۔ قبل ازیں طلباء کے احتجاج کے بعد کمیشن نے فیصلہ کیا تھا۔ درخواست گزار انکیش کمار کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے روئیندر ایس گاریا اور وشال سنہا ایڈوکیٹس نے کہا کہ امتحان کا موجودہ طریقہ کار پہلے ہی ان طلباء کے خلاف پڑتا ہے جو غیر شہری پس منظر کے حامل ہیں اور مضامین عمرانیات و نیز غیر انجینئرنگ’غیر سائنسی اور غیر مینجمنٹ مضامین اختیاری کے حامل رہے ہیں۔ سپریم کورٹ بنچ نے کہا کہ’’آپ کی مشکل دورکردی گئی ہے ۔ اس لئے آپ بہتر موقف میں ہیں ۔ آپ کی شکایت کو آپ کے حق میں دور کردیا گیا ہے ۔ میرٹ کا اندازہ ، آپ کے طریقہ سے قائم نہیں کیاجاسکتا ۔ تعلیمی مسائل کو بغرض تصفیہ حکومت پر اور ماہرین کی مجالس پر چھوڑ دیاجانا چاہئے ۔ بنچ نے یہ بھی کہا کہ ہونہار طلباء ، سائنس اور میڈیسن جیسے مضامین لیتے ہیں اور ممکن ہے کہ یہی وجہ ہو کہ ایسے مضامین اختیار کرنے والے طلباء ، امتحانات میں بہتر مظاہرہ کرتے ہیں۔
بنچ نے کہا کہ’’انتہائی ہونہار طلبا کہاں جائیں ؟ محنتی طلباء ، سائنس اور میڈیسن جیسے مضامین لیتے ہیں اور ایسے طلباء عمرانیات کے پس منظر کے حامل طلباء کے مقابلہ میں زیادہ نشانات حاصل کرتے ہیں‘‘۔ ویسے کوئی بھی سسٹم مکمل نہیں ہے ۔ عدالت نے درخواست گزار سے یہ بھی پوچھا کہ وہ اس قدر تاخیر سے کیوں رجوع بہ عدالت ہوا ہے ۔ بنچ نے یہ بھی کہا کہ ہر چیز وہی ہے ۔ نصاب بھی وہی ہے، آپ مزید وقت کیوں چاہتے ہیں؟ 9لاکھ طلباء امتحان میں شرکت کے لئے تیار ہیں ۔اگر طالب علم تیار نہیں ہے تو کیا کیا جائے ۔ تمام طلباء نے گزشتہ مئی میں درخواستیں دیں اور وہ امتحان کے لئے تیار ہوچکے ہیں ۔ ہم درخواست گزاروں کی درخواست میں کوئی میرٹ نہیں پاتے ۔ اس لئے یہ درخواست خارج کی جاتی ہے ۔

Supreme Court refuses to postpone UPSC preliminary exam

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں