یواین آئی
چچا چودھری ،سابو، پنکی ، بلو اور شریمتی جی کے کرداروں کے خالق معروف کارٹونسٹ پران آج گڑ گاؤں کے ایک اسپتال میں چل بسے ۔ وہ75برس کے تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔ ڈائمنڈ کامکس کے ناشر گلن رائے نے بتایا کہ پران نیگڑ گاؤں کے میدانتا اسپتال میں آج صبح نو بجے آخری سانس لی ۔ وہ گزشتہ آتھ مہینوں سے آنتوں کے کینسر میں مبتلا تھے ۔ پران کی پیدائش غیر منقسم ہندوستان کے لاہور میں15اگست 1938کو ہوئی تھی ۔ ان کا پورا نام پران کمار شرما تھا ۔ آزادی کے بعد ان کا کنبہ مدھیہ پردیش کے گوالیار میں بس گیا تھا ۔ وہ پالٹیکل سائنس میں پوسٹ گریجویٹ تھے اور انہوں نے ممبئی کے سر جے جے اسکول آف آرٹس سے فائن آرٹس کا ڈپلومہ کیا تھا۔پران نے1960میں دہلی کے ملاپ اخبار سے اپنا کارٹونسٹ کریئر شروع کیا تھا ۔ انہوں نے1969میں ہندی کی بچوں کی میگزین لوٹ پوٹ کے لئے ’’چچا چودھری‘‘ کردار بنایا جس سے انہیں غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی۔ ایک وقت چاچا چودھری کے کردار نے سوپر مین ، بیٹ مین اور اسپائڈر مین جیسی شہرت حاصل کی۔ پران کا نام 1995میں’’پیپلز آف دی ایئر‘‘ لمکا بک آف ریکارڈس میں شامل کیا گیا تھا ۔1983میں وزیر اعظم اندرا گاندھی نے پران کی ایک کتاب’’رمن۔ ہم ایک ہیں‘‘ کا اجرا کیا تھا ۔ انہیں2001میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کارٹونسٹس نے ’’لائف ٹائم اچیو منٹ ایوارڈ‘‘ سے بھی سرفراز کیا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پران کی موت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ پران کثیر جہتی صلاحیتوں خے مالک تھے اور ان کے کرداروں سے کروڑوں لوگوں کے چہروں پر مسکان پھیل جاتی ہے ۔ انہوں نے مسٹر پران کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ان کی روح تسکین اور شانتی کی آرزو کی ۔
Cartoonist Pran, creator of iconic Chacha Chowdhury, dead
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں