جموں - 19 مواضعات پر پاکستانی حملے - بی ایس ایف کا دندان شکن جواب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-25

جموں - 19 مواضعات پر پاکستانی حملے - بی ایس ایف کا دندان شکن جواب

جموں
یو این آئی
پاکستانی فوجیوں نے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں سکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر25سرحدی چوکیوں اور19مواضعات کو نشانہ بنایا اور پوری رات گولہ باری کی جس کا بی ایس ایف نے دندان شکن جواب دیا۔ بی ایس ایف کے ایک افسر نے آج اتوار کو بتایا کہ پاک رینجروں نے چھوٹے اور خود کار ہتھیاروں سے گولیاں چلائیں اور بین الاقوامی سرحد پد25چوکیوں اور رہائشی علاقوں پر مورٹا ر بم داغے۔ گولہ باری گزشتہ شب ساڑھے 8بجے سے جموں ضلع کے ارنیا اور آر ایس پورہ سیکٹروں میں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایس ایف کے جوانوں نے اس گولہ باری کا زبردست جواب دیا اور صبح تقریباً ساڑھے سات بجے تک کارروائی جاری تھی ۔باوثوق ذرائع کے مطابق پاکستانی رینجرز نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کوبھی ہندوستانی فوج کی اگلی چوکیوں پر زبردست فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جموں خطے کے ضلع سانبا میں تقریباً24چوکیوں کو نشانہ بنایا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی رینجرز نے گزشتہ رات رام گڈھ سیکٹر ، ارنیا سب سیکٹر اور آر ایس پورہ سیکٹر میں ہندوستانی فوج کی اگلی چوکیوں پر شدید گولہ باری کی۔انہوں نے بتایا کہ سر حد پار سے چھوٹے اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی اور مارٹر شیل بھی داغے گئے۔
متعدد مارٹر گولے آبادی میں جاگرے ۔ جس کے باعث سرحدی آبادی شدید خوف و ہراس کا شکار ہوگئے ۔ یاد رہے ہفتہ کی صبح پاکستانی رینجرز نے آر ایس پورہ سیکٹر میں بارڈر سیکورٹی فورسز کی چوکیوں اور جودھا فارم گاؤں پر زبرست گولہ باری کی جس کے نتیجے میں دو دیہاتی ہلاک جب کہ سات دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔ مہلوکین کی شناخت محمد اکرم اور اس کے13سالہ بیٹے اسلم کے طور پر ہوئی تھی جب کہ زخمیوں میں اکرم کی بیوی ، تین بچے اور ایک بی ایس ایف اہلکار بھی شامل تھے۔ سرحدی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے عبد لین ، کوروٹانا، تریوا اور گارانا گاؤں کے لوگوں نے نقل مکانی کا راستہ اختیار کرلیا ہے ۔ حکومت نے نقل مکانی اختیار کرنے والے دیہاتیوں کو ہنگامی طور پر محفوظ مقامات پر سرکاری عمارتوں میں جگہ فراہم کی ہے جہاں انہیں ہر قسم کی بنیادی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی رینجرز کی جانب سے13روز کے دوران15مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی ۔ دریں اثناء حکومت نے ہفتہ کو سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کے ورثا کو فی کس ایک ایک لاکھ اور زخمیوں کو دس ، دس ہزار روپے کا ایکس گریشیا ریلیف ادا کیا۔

Pakistani rangers attack in jammu villages

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں