چوکیوں پر پاکستان کی فائرنگ - ہند و پاک سرحدی مواضعات میں دہشت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-19

چوکیوں پر پاکستان کی فائرنگ - ہند و پاک سرحدی مواضعات میں دہشت

جموں
یو این آئی
جموں وکشمیر کے سب سیکٹرار نیا میں ہند۔ پاک بین الاقوامی سرحد کے مواضعات میں آج صبح اس وقت دہشت پھیل گئی جب سرحد پار سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جس میں ایک شہری زخمی ہوگیا۔ دو مکانات کو نقصان پہنچا اور مویشی ہلاک ہوگئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ’’عطا سنگھ(65سالہ) سیو یلین فرزند مان سنگھ ساکن موضع پنڈی کٹوال،سرحد پار فائرنگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا ۔ اس شخص کو جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل فوری لے جایا گیا۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان( کے فورسس) نے سرحد کی اگلی چوکیوں پر شدید فائرنگ کی اور چھوٹے اسلحہ خود کار اسلحہ اور مارٹروں سے سرحدی مواضعات کو بھی نشانہ بنایا۔’’جگجیت سنگھ فرزند پنجاب سنگھ موضع تریوا کے گھر کو فائرنگ سے جزوی نقصان پہنچا جب کہ ایک اور مکان کی کھڑکیوں کے شیشوں کو نقصان پہنچا۔ یہ مکان کرنیل سنگھ نامی ایک شخص کی ملکیت ہے ۔ کرنیل سنگھ بھی مذکورہ موضع کا رہنے والا ہے ۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ فائرنگ میں یشپال نامی ایک شخص کی بکری اور کرشن شرما نامی ایک شخص کی گائے یعنی دو مویشی ہلاک ہوئے۔ دو بھینسیں زخمی بھی ہوئیں ۔ آج سب سے زیادہ نقصان ارنیا سب ایکٹر اور آر ایس پورہ سیکٹر کے مواضعات تریوا اور پورونٹا میں ہوا۔ اسی دوران مقامی افراد کے ایک گروپ نے فوری جوابی کارروائی نہ کرنے پر مقامی نظم و نسق کے خلاف احتجاج کیا اور دیہی عوام کے لئے متبادل انتظامات کا مطالبہ کیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بارڈر سیکوریٹی فورسس کے سپاہیوں نے سرحد پر فائرنگ کا دندان شکن جواب دیا ۔ پاکستانی رینجرس نے کل آر ایس پورہ سیکٹر اور ارنیا سب سیکٹر میں شدید فائرنگ کرتے ہوئے لگ بھگ6چوکیوں کو نشانہ بنایا تھا۔ ان چوکیوں پر شدید گولہ باری ہوئی تھی ۔ گزشتہ13اگست کو پاکستان نے بی جی سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی اور سرحد پار فائرنگ میں فوج کا ایک جوان زخمی ہوگیا تھا۔

Pakistani Rangers target BSF post, cause panic among villagers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں