آئی آئی ٹیز کو محکمہ دفاع و صحت کے لئے مصنوعات کی تیاری کا مشورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-23

آئی آئی ٹیز کو محکمہ دفاع و صحت کے لئے مصنوعات کی تیاری کا مشورہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ بتاتے ہوئے کہ ہندوستان کئی شعبوں بشمول صحت و دفاع میں درآمدات پر انحصار کرتا ہے ،آج آئی آئی ٹیز سے کہا کہ وہ ان اہم شعبوں میں مصنوعات کی تیاری کا چیلنج قبول کریں ۔ انہوں نے ان اداروں سے کہا کہ وہ ریلویز کے لئے بھی اختراعی آلات تیار کریں اور ٹکنالوجی کے ذریعہ تمام شہریوں کے لئے امکنہ کے ویژن کی تکمیل کریں۔ قبل ازیں موصولہ یو این آئی کی اطلاع کے بموجب ٹکنالوجی کے مقامی طور پر بامعنی ہونے کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندرمودی نے آج آئی آئی ٹیز پر زور دیا کہ وہ عام افراد کو روز مرہ کی زندگی میں در پیش مسائل کے لئے اختراعی حل پیش کریں ۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کو رینکنگ کے لئے اپنا معیار ترتیب دینا چاہئے جو تبدیلی اور بہتری کے لئے اس کا اپنا میکانزم بن سکتا ہے ۔ مودی نے راشٹر پتی بھون میں آئی آئی ٹیز کے بورڈ آگ گورنرس اینڈ ڈائرکٹرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائنس عالمگیر ہے ۔ ٹکنالوجی مقامی ہونی چاہئے ۔ انہوں نے اس بات کی وکالت کی کہ آئی آئی ٹیز طلباء کو ملک کے عوام کی ضروریات سے متعلق پراجکٹ دیں تاکہ وہ اختراعی حل تلاش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے عوام کے معیار زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی اور قوم کے تئیں خدمت کا جذبہ پیدا ہوگا ۔ کیا آئی آئی ٹیز ہمارے طلباء کو سوچنے کی سائنس اور زندگی بسر کرنے کا فن سکھا سکتے ہیں ۔وزیر اعظم نے کئی مثالیں پیش کیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان درآمدات پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔ ان میں دفاعی آلات سے لے کر محکمہ صحت، کرنسی کی سیاہی اور آنسو گیس جیسی حساس اور سیکوریٹی سے تعلق رکھنے والی اشیاء بھی شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں یہ نہیں مان سکتا کہ ہندوستان میں ایسی اشیاء تیار کرنے کی صلاحیت نہیں ہے ۔ انہوں نے آئی آئی ٹیز سے کہا کہ وہ ایسے چیلنج قبول کریں ۔ انہوں نے مزید دو مخصوص مثالیں دیتے ہوئے آئی آئی ٹیز سے کہا کہ وہ ٹکنالوجی کے ذریعہ تمام شہریوں کے لئے کفایتی مکانات کے خواب کو پورا کرنے میں اپنا حصہ ادا کریں جسکے نتیجہ میں ہم کفایتی ، ماحول دوست اور مضبوط مکانات تیزی سے تعمیرکرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹیز ہندوستانی ریلویز کے لئے بھی یوزر فرینڈ لی ایجادات کرسکتے ہیں۔
(یون این آئی)آئی آئی ٹیز کو قوم کے لئے علم کا سر چشمہ قرار دیتے ہوئے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج ان اداروں سے کہا کہ وہ حکمرانی کا روڈ میاپ تیار کریں تاکہ اس کا تقابل دنیا کی بہترین حکمرانی سے کیاجاسکے ۔ راشٹر پٹی بھون میں انڈین انسٹی ٹیوٹس آف ٹکنالوجی(آئی آئی ٹیز) کے صدور نشین ، بورڈ آف گورنرس اینڈ ڈائرکٹرس کی ایک روزہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس بات کا پتہ چلانے کی ضرورت ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بہتر حکمرانی میں کون سی چیز رکاوٹ بنی ہوئی ہے ۔

PM asks IITs to develop defence, health products

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں