جے ڈی یو - آر جے ڈی اور کانگریس کے اتحاد کو این سی پی کی غیر مشروط حمایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-10

جے ڈی یو - آر جے ڈی اور کانگریس کے اتحاد کو این سی پی کی غیر مشروط حمایت

پٹنہ
یو این آئی
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری اور ممبر پارلیمنٹ طارق انور نے آج کہا کہ بہار میں اسمبلی کی دس سیٹوں کے لئے ہونے والے ضمنی انتخابات میں ان کی پارٹی جنتا دل یونائٹیڈ(جے ڈی یو) ، راشٹریہ جنتادل(آر جے ڈی) اور کانگریس کے وسیع اتحاد کو غیر مشروط حمایت کرے گی۔ طارق انور نے یہاں پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کو روکنے کے لئے جے ڈی یو ، آر جے ڈی اور کانگریس کا وسیع تر اتحاد وقت کا تضاضہ ہے ۔ فرقہ پرست طاقتو ں کی صف بندی کو روکنے کے لئے بڑے پیمانے پر ہونے والا یہ اتحاد ضروری تھا ۔ این سی پی کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ پارٹی نے اس وسیع اتحاد کو غیر مشروط حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دس سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج حجرت انگیز ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے اس ضمنی انتخاب کے لئے کسی بھی سیٹ پر اپنی دعویداری پیش نہیں کی تھی اور اسی لئے پارٹی کا کوئی امیدوار انتخابی میدان میں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی قومی سطح پر پہلے ہی ترقی پسند اتحاد(یوپی اے) میں شامل ہے ۔ مسٹر طارق انور نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں سیکولر ووٹوں کی تقسیم کے سبب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو فائدہ ہوا ۔ بہار میں ہونے والے اس تحاد کا مستقبل اسمبلی کے ضمنی انتخاب کے نتائج پر ہی منحصر ہوگا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں سیکولر پارٹیوں کے امیدوار بیشتر سیٹوں پر جیت درج کریں گے ۔ این سی پی کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ پارٹی کے ریاستی اہلکاروں کی کل یہاں منعقد ہونے والے احتسابی میٹنگ میں اس اتحاد کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ہے اور آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے دو اکتوبر سے رکنیت سازی کی مہم کو تیز کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام243اسمبلی حلقوں میں پانچ پانچ ہزار سر گرم کارکن بنائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ مسٹر طارق انور نے کہا کہ مرکز اور بہار کی سرکار میں مفاد عامہ میں کئی اعلانات کرتی ہیں لیکن صحیح معنی میں ان کا فائدہ لوگوں کو نہیں پہنچتا ہے ۔ عوامی مسائل کے سلسلے میں پارٹی پر امن طور پر تمام ضلع ہیڈ کوارٹروں پر جلد ہی دھرنا دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ریاستی اکائی کو بھی دوبارہ تشکیل دی جائے گی۔

NCP pledges support to JD(U), RJD and Cong alliance in bypoll

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں