بریلی میں شرپسندوں کی طرف سے فضا مکدر کرنے کی کوشش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-10

بریلی میں شرپسندوں کی طرف سے فضا مکدر کرنے کی کوشش

بریلی
ایس این بی/ یو این آئی
اتر پردیش میں ضلع بریلی کے علی گنج علاقے میں آج ایک متنازع مذہبی مقام کومنہدم کئے جانے کے بعدفرقہ وارانہ فساد بھڑک اٹحا۔ اس واردات میں دونوں فریقوں میں زبردست تصادم کے بعد گاؤں میں افراتفری مچ گئی ۔تناؤ کے پیش نظر سیکوریٹی بندوبست بڑھانے کے ساتھ ہی نقصان پہنچائے گئے مذکورہ مذہبی مقام کی مرمت کردی گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ دیہی علاقے کے کھیڑ گاؤں میں آج علی الصبح ایک متنازع مذہبی مقام کومنہدم کردیا گیا۔ اس کے بعد وہاں دو فرقوں کے مابین جم کر فائرنگ ہوئی اور ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا گیا۔ تصادم کے دوران دونوں فریقوں کے نصف درجن سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ اطلاع ملنے پر سینئر پولیس اور اعلی سرکاری حکام موقع پر پہنچ گئے ۔ کشیدگی کے پیش نظر گاؤں میں بڑے پیمانے پر پولیس اور پی اے سی کے جوانوں کو تعینات کردیا گیا ہے ۔ اس دوران ہجوم نے پولیس پر بھی پتھراؤ کیا ۔ دریں اثناء ریاست کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل (امن و قانون) مکل گوئل کے مطابق منہدم کئے گئے حصے کی پولیس اور انتظامیہ کے افسروں نے مرمت کروادی ہے ۔ دریں اثناء بریلی کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سنجے کمار نے کھٹیٹا علاقے میں صورتحال اب قابو میں ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ٹیموں نے گاؤں میں چھاپہ مار کر اب تک تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ دیگر فساد یوں کو پکڑنے کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ گاؤں میں کل بھی اس معاملے پر د و فرقوں کے مابین تصادم ہوا تھا اور پولیس نے گاؤں جاکر لوگوں کو سمجھا بجھا کر ماحول پرسکون کیا تھا۔
آل انڈیا جماعت رضائے مصطفیٰ کے جنرل سکریٹری مولانا شہاب الدین رضوی نے تھانہ علی گنج کے گاؤں کھیڑا کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ گاؤں کے حالات اب پرامن ہیں ۔ جن شرپسند لوگوں نے گاؤں کی مسجد کو نقصان پہنچایا تھا ان30لوگوں کے خلاف نامزد اور تقریباً100نامعلوم لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ پولیس نے نامزد لوگوں میں سے 5لوگوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب تقریباً دو ڈھائی سو لوگوں نے کھیڑا گاؤں کی مسجد پر حملہ کر کے مسجد کو نقصان پہنچایا تھا ۔ ان لوگوں نے فائرنگ بھی کی تھی اور دو لوگوں کو پیٹ کر بری طرح زخمی بھی کردیا تھا ۔ آج صبح اے ڈی ایم ارون کمار ، ایس پی (دیہات) برجیسش کمار شریواستو جی او کے پی سنگھ اور ایس ڈی ایم آنولہ اور تحصیلدار نے مذکورہ گاؤں پہنچ کر سب سے پہلے مسجد کی دیواروں وغیرہ کی مرمت کرائی ۔ مولانا نے کہا کہ مسجد کا باقی کام بھی جلد گاؤں کے لوگ ہی مکمل کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ہی گاؤں کا ماحول بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ پولیس نے یقین دلایا کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں