مودی اور ملائم سنگھ کی مخلوعہ نشستوں کے ضمنی انتخابات کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-17

مودی اور ملائم سنگھ کی مخلوعہ نشستوں کے ضمنی انتخابات کا اعلان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر سماج وادی پارٹی ملائم سنگھ یادو کی مخلوعہ 2لوک سبھا نشستوں کے لئے ضمنی انتخابات آئندہ13ستمبر کومنعقد ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن نے آج یہ اعلان کیا ۔ تلنگانہ کی لوک سبھا نشست میدک کے لئے بھی ضمنی انتخاب13ستمبرکو ہوگا۔ یہ نشست ، ٹی آر ایس صدر کے چندر شیکھر راؤ کے استعفیٰ کے سبب خالی ہوئے ہے جو ریاست تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر بن گئے ہیں ۔ مودی نے یوپی کی اپنی وارانسی نشست برقرار رکھی ہے ۔اور گجرات کے حلقہ وڈوڈرا سے استعفیٰ دیا ہے۔ انہوں نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں دونوں حلقوں سے مقابلہ کیا تھا ۔ ملائم سنگھ یادو نے مین پوری کی نشست سے استعفیٰ دیا ہے اور اعظم گڑھ کی نشست برقرار رکھی ہے ۔ راؤ اور یادو گزشتہ26مئی کو بالترتیب میدک اور مین پوری کی نشستوں سے مستعفیٰ ہوئے تھے جب کہ مودی نے وڈوڈرا سے گزشتہ29مئی کو استعفیٰ دیا تھا۔ تینوں استعفیٰ گزشتہ29مئی سے قبول کئے گئے ۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نامزدگیوں کا ادخال چہار شنبہ20اگست سے شروع ہوگا ۔ نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ27اگست مقرر کی گئی ہے۔ جانچ پڑتال دوسرے روز یعنی28اگست کو ہوگی ۔ نامزدگیاں واپس لینے کی آخری تاریخ30اگست مقرر کی گئی ہے ۔ رائے دہی13ستمبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 16ستمبر کو ہوگی ۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل19ستمبر تک مکمل کرلینے کا پروگرام بنایا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مہاراشٹرا کے لوک سبھا حلقہ بیڑ کے ضمنی انتخاب کی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا ہے ۔ یہ نشست مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کے انتقال کے سبب خالی ہوئی ہے ۔ منڈے کا حال ہی میں ممبئی میں ایک سڑک حادثہ میں انتقال ہوا ۔ الیکشن کمیشن نے6ریاستوں آسام، آندھرا پردیش ، سکم، راجستھان ، چھتیس گڑھ اور یوپی میں اسمبلیوں کی33نشستوں کے ضمنی انتخابات کا اعلان کیا۔ یہ اسمبلی نشستیں مختلف وجوہات کی بنا پر خالی ہوئی ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں