پرگتی میدان میں 20 ویں دہلی کتاب میلہ کی شروعات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-24

پرگتی میدان میں 20 ویں دہلی کتاب میلہ کی شروعات

نئی دہلی
ایس این بی
پرگتی میدان میں آج سے20واں دہلی کتاب میلہ اور16واں اسٹیشنری میلہ شروع ہو گیا۔31اگست تک چلنے والے اس کتاب میلہ میں220پبلشرشرکت کررہے ہیں جب کہ اسٹیشنری میلہ میں تقریباً40کمپنیوں نے اپنے سامان کا ڈسپلے کیا ہے ۔ کتاب میلہ کا افتتاح آج آئی ڈی پی او کی جنرل منجیر بی میرا اور فیڈریشن آف انڈین پبلشر کے ڈائرکٹر اشوک گپتا نے کیا۔’’سنیما میں ادب‘‘ کے موضوع پر منعقد اس کتاب میلہ میں ہندوستان سمیت برطانیہ ، امریکہ اور چین کے پبلشر اور ڈسٹریبورٹر شرکت کررہے ہیں ۔ پاکستان کنفرمیشن کے باوجود آخری لمحات میں میلہ میں شریک نہیں ہوا ۔کتاب میلہ میں اس بار سب سے زیادہ تعداد نصابی کتابوں کی ہے ۔ اس بار بازار میں اپنی پکڑ مضبوط کرنے کے لئے ایک پبلشر نے کے جی سے12ویں تک کی تمام اسکولی کتابوں کو ڈیجیٹل فارمیٹ میں منتقل کردیا ہے ۔ سیوینئیر پبلی کیشن کے ڈائریکٹر بھارت بھوشن شرما نے بتایا کہ کے جی سے لے کر12ویں جماعت تک کتابوں کے ڈجیٹل سی ڈی اور انٹر نیٹ کنٹینٹ وہ کتاب خریدنے والوں کو مفت میں مہیا کرارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ تعلیمی کتابوں کے سب سے بڑے پبلشر ایچ چاند کے نائب صدر نوین جوشی کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ڈجیٹل کتابوں کی مقابلہ آرائی سے صارفین کو ہی فائدہ ہوگا۔اس وقت زیادہ تر پبلشر ڈجیٹل کتابوں پر کام کررہے ہیں لیکن بازار میں وہی رہیں گے جو کنٹینٹ پر دھیان دیں گے ۔ کتابوں کو ای۔ بک میں تبدیل کرنے والے راجیش سنگھ کہتے ہیں کہ جس طرح سے ای بکس کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے ۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ اگلے چار پانچ سالوں میں فائدہ صارفین کو ہوگا۔ علاوہ ازیں پبلشر وں نے غیر ملکی کتابوں پر ابھی سے50فیصد رعایت دینی شروع کردی ہے ۔ ڈائمنڈ بکس بھی چار کتابوں کی خرید پر ایک کتاب مفت دے رہا ہے ۔

دہلی کتاب میلہ سے اردو کے پبلشر غائب
پرگتی میدان میں آج شروع ہونے والے20ویں دہلی کتاب میلہ میں اردو کے قارئین کے لئے دلچسپی کا کوئی سامان نہیں ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب دہلی کتاب میلہ میں اردو اکادمی دہلی کے علاوہ اردو کا کوئی اور پبلشر یا ڈسٹری بیوٹر شریک نہیں ہے۔ اس سے قبل اردو اکادمی دہلی کے علاوہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ، غالب اکیڈمی اور غالب انسٹی ٹیوٹ وغیرہ بھی میلہ میں شرکت کرتے رہے ہیں لیکن اس بار کتاب میلہ میں اردو والے ندارد ہیں ۔ اس سلسلے میں غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رضا حیدر کا کہنا ہے کہ ہم لوگ بین الاقوامی کتاب میلہ میں شرکت کرتے ہیں، دہلی کتاب میلہ میں نہیں ۔ وجہ دریافت کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ پہلی بات تو یہ کہ انہوں نے کسی سے رابطہ ہی قائم نہیں کیا۔ دوسرے میلہ میں اسٹال کافی مہنگا پڑتا ہے اور ہمارے کئی لوگ10دن کے لئے اس میں مصروف ہوجاتے ہیں جب کہ وہاں کتابوں کی فروخت نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے اور نقصان اٹھانا پڑتا ہے ۔ دہلی کتاب میلہ میں پاکستان شرکت کرنے والا تھا۔ فیڈریشن آف انڈین پبلشر کے ڈائریکٹر اشوک گپتا کے مطابق پاکستان نے اپنی شرکت کی تصدیق بھی کردی تھی لیکن آخری وقت میں وہاں سے کوئی نہیں آیا ۔ اس کی وجہ پوچھنے پر ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں وہ کچھ نہیں جانتے۔ کل ملا کر اس بار دہلی کے اردو قارئین کے لئے دہلی کتاب میلہ میں کچھ نہیں ہے البتہ بچوں کے لئے اسٹیشنری میلہ ضرور ہے جہاں انہیں اپنی پسند کا اسٹیشنری کا سامان مل سکتا ہے ۔

20th delhi book fair

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں