ہندوستان بحران آزادی اور وسائل تک رسائی کا حامی - سشما سوراج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-11

ہندوستان بحران آزادی اور وسائل تک رسائی کا حامی - سشما سوراج

نپی داؤ(میانمار)
پی ٹی آئی
ایک ایسے وقت جب جنوبی چینی سمندر میں زمین پر دعوے کی وجہ سے پیدا ہونے والے دباؤ کا اثر آسیان اور مشرقی ایشیاء کانفرنس پر دکھا جارہا ہے، ایسے وقت میں ہندوستان نے سمندری آزادی اور علاقہ میں وسائل تک رسائی کی حمایت کی اور کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت تنازعہ کو حل کیاجانا چاہئے ۔چوتھے ایسٹ ایشیا سمیٹ وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر امور خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ سمندری زمینات کے تنازعہ سے سیکوریٹی اور باہمی اتفاق کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان قوت کے استعمال یا اس کی دھمکی کی مخالفت کرتا ہے اور بین الاقوامی قانون و 1982کے اقوام متحدہ کنونشن کے سمندری قانون کے اصول کے مطابق سمندری آزادی اور وسائل تک پہنچنے کی آزادی کا حامی ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ جنوبی چینی سمندر میں2002کے اعلامیہ کے مطابق رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری میں پیشرفت ہوگی ۔ او این جی سی ودیش لمٹیڈ جنوبی چینی سمندر میں کئی مقامات پر اپنا کام شروع کرچکا ہے اور یہ علاقہ اسے ویتنام کی جانب سے دیا گیا۔ ان متنازعہ پانیوں میں ہندوستانی آئیل کمپنی کے پراجکٹ پر چین کو اعتراض ہے۔ چین تقریباً تمام جنوبی چینی سمندر کا دعویدار ہے جہاں سے جہاز رانی کے راستے گزرتے ہیں اور اس علاقہ کو معدنیات و پیٹرولیم کا اہم ذخیرہ سمجھاجاتا ہے لیکن چین کے ساتھ ساتھ اس سمندری علاقہ پر آسیان کے ممالک برونی ، ملائشیا، فلپائن ویتنام اور تائیوان کا بھی دعویٰ ہے ۔
کوریا کے مسئلہ سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان کو جزیرہ نما کوریا اور علاقہ میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار کے پھیلاؤ پر تشویش برقرار ہے ۔ تھائی لینڈ کے تعلق سے انہوں نے کاہ کہ ایک پڑوسی کی حیثیت سے ہندوستان وہاں پر جمہوریت کی بحالی کے لئے جاریہ بات چیت کی حمایت کرتا ہے ۔ سیکوریٹی سے متعلقہ مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ بین الاقوامی دہشت گردی، بحری قزاقی بین قومی جرائم، ڈرگس کی اسمگلنگ ، سمندری سفر کا تحفظ اور حساس آلات کے پھیلاؤ کے بشمول غیر روایتی سیکوریٹی خطرات پر بین الاقوامی برادری کو زیادہ توجہ سے غور کرنا چاہئے۔ سمندری سفر کے تحفظ کے مسئلے پر سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان قزاقی کا مقابلہ کرنے اور سمندری سفر کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے بحر ہند کے ساحلی ممالک کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے ۔ انہوں نے ملائشیا کے طیارہMH17کی تباہی کی ہر پہلو سے بین الاقوامی جانچ کی حمایت کی ۔ انہوں نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان غزہ پٹی میں جاریہ تصادم پر بھی شدید تشویش کااظہار کیا۔

India Backs Freedom of Navigation, Access to Resources in SCS

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں