داعش کی سرگرمیاں شریعت کے مغائر - ملائشیائی وزیر اعظم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-29

داعش کی سرگرمیاں شریعت کے مغائر - ملائشیائی وزیر اعظم

کوالامپور
پی ٹی آئی
ملائشیائی وزیر اعظم نجیب رزاق نے عراق و شام میں اسلامک اسٹیٹ(آئی ایس آئی ایس) کی یہ کہتے ہوئے شدید مذمت کی کہ اس گروپ کی سرگرمیاں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اور شریعت کے مغائر ہیں ۔ وزیر اعظم نجیب نے کہا کہ’’شام و عراق میں اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسندوں کی سرگرمیاں ہمارے عقیدہ ، تہذیب اور عمومی انسانیت کے نظریہ کے خلاف ہیں۔‘‘ آئی ایس آئی القادہ سے علاحدہ شدہ گروپ ہے اور اس نے عراق و شام میں سینکڑوں مربع میل علاقے پر قبضہ کرلیا ہے ۔ القاعدہ نے اس گروپ سے اس کے جارحانہ نظریات کی وجہ سے دوری اختیار کرلی تھی۔ نجیب نے کہا کہ مسلمانان عالم نے ان کی جانب سے شہریوں کے قتل عام اور بربریت کے مظاہرے پر شدید رد عمل ظاہر کیا ہے ۔وہ(آئی ایس آئی ایس) نبی کریم ؐ کی تعلیمات جو کہ امن اور اعتدال پسندی کی علامت ہیں، کے خلاف ہیں ۔ یہ گروپ شریعت کے بھی خلاف ہے جو انسانی زندگی کے تحفظ کو سب سے برتر گردانتی ہے ۔ مسلم اکثریتی ملک کے وزیر اعظم نے کہا کہ’’ہم ان کی مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مزید تشدد کو روکنے کے لئے کارروائی کریں ۔‘‘ انہوں نے یہ تبصرہ تین ملائشیائی خواتین کے آئی ایس آئی ایس فورسز میں’’تسکین پہنچانے والی خواتین‘‘ کے طور پر شمولیت کی اطلاعات کے درمیان کیا۔ سمجھاجاتا ہے کہ آئی ایس آئی جنگجوؤں کی جنسی تسکین کے لئے ان خواتین نے اپنی خدمات پیش کیں۔ ملائشیا کے علاقائی اخبار نے یہ رپورٹ ایک گمنام انٹلی جنس عہدیدار کی اطلاع کی بنیاد پر شائع کی ۔ عہدیدار نے بتایا کہ ان میں سے ایک خاتون ، گزشتہ سال دسمبر میں مشرقی وسطیٰ گئی ۔ جب کہ ایک اور خاتون جو چالیس کے پار ہے سمجھاجاتا ہے کہ اپریل میں خود کو آئی ایس آئی ایس فورسس سے وابستہ کرلیا۔ عہدیدار نے کہا کہ ملائشیائی خواتین تنہا نہیں جو جنسی جہاد میں شریک ہیں بلکہ دیگر ممالک سے ملنے والی خفیہ اطلاعات میں یہ انکشاف ہوا کہ آسٹریلیا اور برطانیہ کی سنی خواتین نے بھی آئی ایس آئی ایس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔‘‘انٹلی جنس عہدیدار نے کہا کہ برطانیہ میں ان کے ہم منصب عہدیداروں نے انکشاف کیا تھا کہ سمجھاجاتا ہے کہ 600برطانوی مسلمان آئی ایس آئی ایس کے لئے جنگ کررہے ہیں۔

ISIS actions against Islamic law: Malaysian PM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں