آئی اے این ایس
سیول سرویسس امتحانات کے مسئلہ پر راجیہ سبھا میں آج بھی ہنگامہ جاری رہا حالانکہ حکومت نے اس پیچیدہ مسئلہ پر مباحث کے لئے ایک کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا تیقن دیا تھا ۔ اس مسئلہ پر مختصر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے سی پی آئی کے ڈی راجہ نے کہا کہ یوپی ایس سی کو تمام ہندوستانی زبانوں میں پرچہ وسوالات دستیاب کرنا چاہئے ۔ تاہم بی جے پی لیڈر مختار عباس نقوی نے کہا کہ حکومت نے کافی غوروٖفکرکے بعد ایک قدم آگے بڑھایا ہے ۔ یہ مسئلہ کانگریس اور یوپی اے نے شروع کیا تھا ۔ اب این ڈی اے اور بی جے پی مناسب حل کیلئے آگے آئے ہیں۔ مملکتی وزیر پارلیمانی امور پرکاش جاؤ دیکر نے مباحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مسئلہ پر کل جماعت اجلاس طلب کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم یوپی ایس سی کے سیول سرویسس امتحانات کے طرز پر اصلاحات کے لئے قائدین کے نقطہ نظر سے واقفیت حاصل کرنے کل جماعتی اجلاس طلب کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ24اگست کو مقرر پریلمنری امتحانات کے انعقاد کی اجازت دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس ضمن میں پہلے ہی چند اقدامات کا اعلان کردیا ہے ۔ اور ہم ارکان کی تجاویز کے مطابق دیگر متبادلات پر بھی غور کررہے ہیں ۔
وزیر موصوف کے جواب سے غیر مطمئن بایاں بازو ، سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے ارکان نے واک آؤٹ کردیا ۔ بعد ازاں، ایوان بالا کی کارروائی دو بجے دن تک ملتوی کردی گئی۔ اسی دوران موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب سیول سرویسس امتحان کے کئی امیدواروں نے آج بھی اپنا احتجاج جاری رکھا اور سی ایس اے ٹی ٹسٹ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ آر جے ڈی رکن پارلیمنٹ پپویا دو اور ان کے حامی بھی احتجاج میں شامل ہوگئے۔ پپو یادو کی زیر قیادت احتجاجی مظاہرین دوپہر1:30بجے دنا شوکا روڈ پر بی جے پی ہیڈ کوارٹر کے رو برو جمع ہوئے اور بی جے پی اور سی ایس اے ٹی امتحان کے خلاف نعرے بازی کی۔ آڑجے ڈی کے رکن پارلیمنٹ راجیش رنجن عرف پپویادو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ انگریزی اورہندی کا سوال نہیں بلکہ نوجوانوں کے حق کا سوال ہے جو غریب اور متوسط سے تعلق رکھتے اور گاؤں سے آتے ہیں جنہوں نے ہندوستانی زبان کی تعلیم حاصل کی ہے ۔ سرینگر سے موصولہ ایک اطلاع کے بموجب چیف منسٹر جموں وکشمیر عمر عبداللہ نے آج کہا کہ یوپی ایس سی کے سی ایس اے ٹی امتحان پر تنازعہ کو حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والوں پر ایک مخصوص زبان مسلط کرنا ناانصافی ہوگی۔
Govt to convene all-party meet on UPSC row
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں