شمالی ہند میں سیلاب - 25 افراد ہلاک - ہزارہا بے گھر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-17

شمالی ہند میں سیلاب - 25 افراد ہلاک - ہزارہا بے گھر

دہرہ دون
یو این آئی
اترا کھنڈ میں جمعہ کی صبح سے جاری زبردست بارش ، بادل پھٹنے ، اور زمین کھسکنے کے حادثات میں کم از کم24افراد ہلاک ہوگئے۔ دہرہ دون اور مسوری کے مابین3مقامات پر زمین کھسکنے سے بڑی تعداد میں سیاح پھنس گئے ہیں ۔ ان حادثات میں بیشتر ہلاکتیں پوڑی۔ ٹیہری، ردر پریاگ اور پتھورا گڑھ اضلاع میں ہوئی ہیں ۔ زمین کھسکنے کے سبب بدری ناتھ اور گنگوتری راستوں کو بند کرنا پڑا ہے ۔ ٹیہری اور پوڑی سے گزرنے والی کئی قومی شاہراؤں کو بھی بند کردیا گیا ہے ۔ ان اضلاع میں کئی پل اور سڑکیں زبردست بارش کے سبب ٹوٹ کر بہہ گئی ہیں ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے ۔ ریاست کے محکمہ موسمیات نے آئندہ دودنوں میں مزید بارش کی وارننگ دی ہے ۔ ریاست سے محفوظ مقامات کے لئے نکل رہے لوگوں کے سبب دہلی، دہرہ دون شاہراہ پر زبردست ٹریفک جام ہوگیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سیاحت کا موسم ہونے کے سبب بڑی تعداد میں لوگ مسوری پہنچے تھے ۔ تاہم بھاری بارش اور زمین کھسکنے کی وجہ سے ان کے لئے مسوری سے باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے ۔ دہرہ دون کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ راؤتیلا کے مطابق سیاحوں کی امداد کے لئے اضافی پولیس فورس مسوری روانہ کی گئی ہے۔
چیف منسٹر ہریش راوت نے کہا کہ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کی ٹیمیں روانہ کی ہیں ۔ انہوں نے پتھورا گڑھ، چمولی ، ردر پرتاپ، پوڑی اور ٹیہری میں باز آباد کاری کے لئے ڈھائی کروڑ روپے کی امداد کو منظوری دی ہے ۔ اتر پردیش کے ضلع بہرائچ میں گھاگھرا اور سرپوندی کے سیلاب نے ہزاروں لوگوں کو بے گھر کردیا ہے ۔ کٹاؤ اور باندھ کے ٹوٹنے سے لوگوں کے گھر ندی میں بہہ چکے ہیں۔ لوگ کھلے آسمان کے نیچے رات بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔ راپتی اور گھاگھرا ندی میں آئے سیلاب سے رنگ باندھ ٹوٹ گیا ہے ۔ سیلاب کے پانی سے80سے زیادہ مکان ڈوب گئے ہیں اور ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ آبادی اس سے متاثر ہوچکی ہے ۔ گاؤں والے اپنی جان بچانے کے لئے گھروں کی چھتوں پر نظر آرہے ہیں ۔ سیلاب سے گاؤں والے انتہائی پریشان ہیں ۔ متاثرین کے لئے ضلع انتظامیہ نے3کمپنیاں پی اے سی اور ایس ایس بی کی طلب کی ہیں ۔ انتظامیہ کی مدد دھیرے دھیرے لوگوں تک پہنچ رہی ہے۔ رنگ باندھ ٹوٹنے کے سبب نواب گنج علاقے کے مولانا پورہ اور اس کے اطراف کے لوگ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ دریں اثناء گونڈا بھی سیلاب کی زد میں آچکا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں