آئی این ایس کولکتہ - وزیر اعظم کے ہاتھوں بحریہ میں شامل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-17

آئی این ایس کولکتہ - وزیر اعظم کے ہاتھوں بحریہ میں شامل

ممبئی
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اندرون ملک تیارہ کردہ سب سے بڑے سمندری جنگی جہاز‘‘ آئی این ایس کولکتہ‘‘ کو ہندوستانی بحریہ میں رسمی طور پر شامل کردیا اور کہا کہ’’یہ جنگی جہاز‘دفاعی میدان میں ہمارے خود مکتفی ہونے کی علامت ہے۔‘‘ آئی این ایس کو لکتہ کو ہندوستانی بحریہ میں شامل کرنے(کمیشن کرنے) کی تقریب یہاں بحریہ کے ایک اڈہ پر منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ’’آئی این ایس کولکتہ پوری طرح ہندوستان میں تیار کیا گیا ہے ۔ یہ ہمارے خود مکتفی ہونے اور ملک کی تکنیکی صلاحیتوں کی شاندار مثال ہے ۔ یہ جہاز دنیا بھر کو ایک مستحکم پیام دے گا۔‘‘ تقریب میں وزیر دفاع ارون جیٹلی ، گورنر مہاراشٹر کے شنکر نارائنن، چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان اور سربراہ بحریہ اڈ میرل آر کے دھون نے بھی شرکت کی ۔ مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ’’ہم نہ صرف اس جہاز کو(قوم کے نام) معنون کررہے ہیں بلکہ ہم ساری دنیا کو ہندوستان کی تکنیکی مہارت اور دفاعی صلاحیتوں سے متعارف کررہے ہیں ۔‘‘ آئی این ایس کو لکتہ ہندوستانی بحریہ کے کولکتہ کلاس تباہ کن جہازوں کا ایک حصہ ہے ۔ اس کا ڈیزائن ، بحریہ کے ڈیزائن بیورو نے تیار کیا ہے ۔ اس جہاز کو مجگاؤں ڈاکس لمٹیڈ( ایم ڈی ایل) ممبئی میں تیار کیا گیا ۔ اپنی سیریز کا ، یہ پہلا جہاز ہے۔ اس سیریز میں آئی این ایس کوچی ، آئی این ایس چینائی بھی شامل رہیں گے ۔6800ٹن وزنی آئی این ایس کولکتہ کو آپریٹنگ رینج 15ہزار کلو میٹر ہے ۔ یہ جہاز گزشتہ ماہ بحریہ کو دیا گیا تھا اور آج ہی اس کو کمیشن کیا گیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج کا دن ہندوستان اور اس کے عوام کے لئے تاریخی دن ہے ۔ کوئی بھی ملک ہندوستان کو چیلنج کرنے کی ہمت نہیں کرے گا اور جہاز ہندوستان کی بحری فروغ کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں ۔ تمام شعبوں میں خود مکتفی ہونا، ملک کا خواب رہا ہے ۔ جو شرمندہ تعبیر ہورہا ہے ۔ اب ہندوستان مابقی دنیا کو دفاعی ٹکنالوجی برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ یہ بات سارے ملک کے لئے باعث فخر ہے ۔ مودی نے ملک کے سب سے بڑے جنگی جہاز کی تیاری میں اور ملک کی بحری دفاعی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں حصہ لینے والے ہندوستانی ڈیزائنرس انجینئرس ٹیکنیشینس اور منصوبہ سازوں کی ستائش کی ۔ تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ ہندستان کوئی جنگ نہیں چاہتا ۔ لیکن ہمیں چوکس تیار رہنا ہے ۔ آئی این ایس کولکتہ ، اس ملک کے عوام کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔ وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں مہاراشٹر کے جنگجو راجا چھترپتی شیواجی کے کارناموں کو یاد دلایا اور کہا کہ اس راجا نے ’’صنعت و سلامتی میں اضافہ کے لئے سمندروں کی سیکوریٹی کی اہمیت کو تسلیم کیا تھا ۔‘‘
یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ آئی این ایس کولکتہ ، انتہائی عصری اسلحہ سسٹمس ، بشمول انسداد آبدوز شکن ٹکنالوجی سے لیس ہے۔163میٹر17.4Xمیٹر سائز کا جہاز آئی این ایس کولکتہ سب سے بڑا تباہ کن جہاز ہے جو مجگاؤں ڈاکس لمٹیڈ(ایم ڈی ایل) نے تیار کیا ہے ۔ اس جہاز میں نصب بیشتر اسلحہ اور سنسرس اندرون ملک تیار کردہ ہیں۔ ان اسلحہ میں عصری برہموس( زمین سے زمین پر نشانہ لگانے والے) مزائلس ، راکٹ لانچرس ، تارپیڈ و ٹیوب لانچرس ، سونار ہمسااوراے کے ۔630بندوقیں شامل ہیں ۔ اس طرح یہ جہاز، سمندر سے اور فضائی حملوں کی دشمن کی دھکمیوں کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ بحالت موجودہ ہندوستانی بحریہ کے پاس لگ بھگ140سمندری جہاز ہیں۔ مزید44جہاز ملک کے مختلف شب یارڈس میں زیر تیاری ہیں ۔ آئی این ایس کولکتہ کو مغربی بنگال کے دارالحکومت ’’شہر مسرت‘‘ کولکتہ کے نام سے موسوم کیا گیا ہے ۔

Indian Navy commissions new INS Kolkata stealth destroyer

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں