سقوط حیدرآباد کو یوم تجدید عہد منانے امیت شاہ کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-22

سقوط حیدرآباد کو یوم تجدید عہد منانے امیت شاہ کا اعلان

حیدرآباد
اعتماد نیوز
بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے سقوط حیدرآباد (17ستمبر) کو یوم تجدید عہد منانے کا اعلان کیا۔ اس سلسلہ میں پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ 17ستمبر کو بڑے پیمانے پر حیدرآباد کی آزادی کا یوم منائیں۔ انہوں نے اس دن کو سنکلپ دیوس قرار دیا۔ قومی صدر کی حیثیت سے پارٹی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ یہاں اپنی آمد کے بعد وہ بی جے پی کی سٹی یونٹ کی جانب سے ان کے اعزاز میں منعقد ایک تہنیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ بی جے پی کے صدر حیدرآباد سٹی کے پارٹی قائدین و کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آج سے ہی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کامیابی کے لئے کمربستہ ہوجائیں۔ امیت شاہ نے اپنے خطاب کے دوران ہند۔ پاک تعلقات صدر کانگریس سونیا گاندھی کے حالیہ بیانات، علیحدہ ریاست تلنگانہ کا مسئلہ اور مستحکم ہندوستان کے قیام کے لئے بی جے پی کے اقدامات کا تذکرہ اور اپنے رد عمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سردار پٹیل نہ ہوتے تو آج حیدرآباد آزاد نہ ہوتا اوریہ دوسرا کشمیر بن جاتا ۔ امیت شاہ نے کہا کہ حیدرآباد کو انڈین یونین میں ضم کرنا مشکل ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سردار پٹیل کا تعلق ریاست گجرات سے ہے ۔ اس لئے انہوں نے انتہائی جرات مندی کے ساتھ حیدرآباد کو ضم کرنے کے اقدامات کئے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا تعلق بھی گجرات سے ہے ۔ وہ سردار پتیل کے خوابوں کو پورا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہیں سمجھنا چاہئے کہ بی جے پی شمال میں اکثریت کے سبب بر سر اقتدار آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اس تاثر کو یقینی بنانا ہوگا کہ بی جے پی کو اقتدار صرف شمال سے ہی نہیں جنوب سے بھی ہوگا ۔ اس کی شروعات تلنگانہ سے ہوگی۔ امیت شاہ نے کہا کہ2019کے انتخابات میں بی جے پی کومرکز میں اقتدار حاصل کرنے کے لئے تلنگانہ کے عوام اہم رول ادا کریں گے ۔ امیت شاہ نے15اگست کو لال قلعہ سے نریندر مودی کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے اس خطاب کے ذریعہ ایک تاریخ بنائی ہے حالیہ عرصہ میں جتنے بھی وزرائے اعظم نے لال قلعہ سے خطاب کیا تھا ان تمام نے سیکوریٹی کی چار دیواری میں قوم سے خطاب کیا تھا۔ لیکن پہلی مرتبہ نریندر مودی نے اس روایت کو ختم کرتے ہوئے سیکوریٹی کے حصار کو توڑ دیا اور عوام کے سامنے خطاب کیا۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے حالیہ بیانات پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی صدر نے کہا کہ ان کی پارٹی نے عوام سے جو بھی وعدے کئے ہیں ان سب کو پورا کیاجائے گا ۔ انہوں نے سونیا گاندھی کے ریمارک کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی طرح بی جے پی کو جھوٹ بول کا قتدار حاصل کرنے کی عادت نہیں ہے۔ کانگریس نے100دن کے اندر مہنگائی ختم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے10سال تک مہنگائی کو ختم کرنے پر توجہ نہیں دی۔ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی نے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان سب کی تکمیل کے بعد ہی آئندہ انتخابات میں ان کی پارٹی عوام سے ووٹ مانگے گی۔
ہند ۔ پاک تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت بالخصوص وزیر اعظم مودی ملک کی حفاظت کے معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ پاکستان کے ساتھ تعلقات پر انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے مسئلہ پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ جب بھی ملک کے مفاد کی بات آتی ہے تو وزیر اعظم اس معاملہ میں کسی سے مشورہ نہیں کریں گے اور اس معاملہ پر مشورہ کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہے ۔ اسی پس منظر میں وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے خارجہ سکریٹریز کی بات چیت کو آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس موقع پر سابق ڈی جی پی و دائی ایس آر کانگریس کے قائد دنیش ریڈی، تلنگانہ راشٹریہ لوک دل کے قائد ورکن کونسل دلیپ کمار امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے بی جے پی میں شامل ہوگئے ۔ تقریب میں بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی ، بنڈارودتاتریہ ایم پی ، سی ایچ ودیا ساگر راؤ، ڈاکٹر کے لکشمن اور دیگر بی جے پی قائدین موجود تھے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں