وائی ایس آر کانگریس کے دو ارکان مابقی اجلاس کے لئے معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-27

وائی ایس آر کانگریس کے دو ارکان مابقی اجلاس کے لئے معطل

حیدرآباد
یو این آئی
اے پی اسمبلی میں اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے مسلسل احتجاج او رنعرہ بازی پر اسپیکر کوڈیلا شیواپرساد راؤ آج ایک بار پھر ایوان کی کارروائی اچانک دن بھر کے لئے ملتوی کرنے پر مجبور ہوگئے ۔ کارروائی کا بیشتر حصہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان کی ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا جو اسپیکر کے پوڈیم کے قریب اور ایوان کے وسط میں پہنچ کر مسلسل احتجاج کررہے تھے ، اور اپنے قائد وائی ایس جگن موہن ریڈی کو بجٹ مباحث میں اظہار خیال کے لئے مزید وقت دینے کا مطالبہ کررہے تھے ۔ اسپیکر نے احتجاجی ارکان کو مطلع کیا کہ جگن موہن ریڈی کو کل ہی ایک گھنٹہ55منٹ کا وقت دیا گیا اوروہ اطمینان بخش حد تک اظہار خیال کرچکے ہیں ۔ اور یہ کہ حکمران جماعت کے کئی ارکان کو بھی مباحث میں حصہ لے کر اپنے خیالات کا اظہار کرنا ہے ۔ احتجاجی ارکان پر اسپیکر کی اطلاع کا کوئی اثر نہیں ہوا اور انہوں نے اپنا احتجاج جاری رکھا ۔وہ کرسی صدارت کی بار بار اپیلوں کو نظر انداز کرتے رہے اور ایوان کی کارروائی میں رکاوٹیں ڈالتے رہے ۔ چند ارکان نے تمام حدیں عبور کردیں اور ایوان میں تشد د پر اتر آئے انہوں نے مائک توڑ دئیے اور فرنیچر کو نقصان پہنچایا ۔ یہاں تک کہ اسپیکر کوڈیلا شیوا پرساد راؤ پر حملہ کی کوشش کی ۔جس پر اسپیکر نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے دو ارکان شیو پرساد ریڈی اور ایم گاندھی کو ماباقی اجلاس کے لئے معطل کردیا ۔ دونوں ارکان نے اسپیکر کے پوڈیم تک پہنچ کر ان کا مائک توڑ ڈالا اور ان پر حملہ کی بھی کوشش کی ۔وزیر امور مقننہ وائی رام کرشنوڈو نے دونوں ارکان کی ماباقی اجلاس تک معطلی کے لئے قرار داد پیش کی اور سفارش کی کہ دونوں کو اسمبلی کے ماباقی سیشن کے لئے معطل کردیا گیا ہے ۔
اس قرار داد کو ندائی ووٹ سے منظور کرلیا گیا ۔ اس موقع پر حکمراں اور اپوزیشن بنچوں کے درمیان گرما گرم بحث بھی ہوگئی۔ تاہم اسپیکر نے جب یہ دیکھا کہ ایوان میں صورتحال کسی بھی طرح قابومیں نہیں آرہی ہے تو انہوں نے کارروائی دن بھر کے لئے برخواست کردی۔ اسپیکر نے قبل ازیں 3مرتبہ مختصر وقفوں کے لئے کارروائی ملتوی کی تھی۔ اسی دوران چیف منسٹراین چندرا بابو نائیڈو نے جو دہلی میں ہیں اسمبلی میں جاری ہنگامہ آرائی کو مایوس کن اور بدبختانہ قرار دیا ۔ وزیر فینانس اور امور مقننہ وائی رام کرشنوڈو نے الزام عائد کیا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اپنے طرز عمل کے ذریعہ غلط مثالیں قائم کررہے ہیں۔ نمائندہ منصف کے بموجب قائد اپوزیشن آندھر ا پردیش قانون ساز اسمبلی و صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اسپیکر اسمبلی کوڈیلا شیواپرساد راؤ سے مطالبہ کیا کہ وہ آج ایوان سے معطل کردہ پارٹی کے دو ارکان اسمبلی شیو پرساد ریڈی اور ایم گاندھی کی معطلی کو فوری برخواست کریں ۔ بر سر اقتدار جماعت جو وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی چیوی ریڈی بھاسکر ریڈی کے خلاف دئیے گئے اسمبلی کے حقوق کی خلا ف ورزی کرنے سے متعلق دئیے گئے نوٹس سے دستبرداری اختیار کرے۔ جگن موہن ریڈی نے آج یہاں اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر اسمبلی کوڈیلا شیوا پرساد راؤانہیں ایوان میں تقریر کرنے کا موقع نہیں دے رہے ہیں۔ اسپیکر اسبلی ان کا مائیک بند کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسپیکر اسمبلی اس طرح وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے خلاف رویہ اختیار کریں گے تو وہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ25اگست کو انہوں نے ایوان میں جملہ ایک گھنٹہ40منٹ تقریر کی تھی ۔ اسپیکر اسمبلی نے 17مرتبہ ان کے مائیک کا کنکشن بند کردیا تھا ۔ اس کے علاوہ کئی مرتبہ تلگو دیشم پارٹی کے ارکان اسمبلی نے ان کی تقریر میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں مزید30منٹ تقریر کا موقع دینے کا اسپیکر اسمبلی سے مطالبہ کیا تھا ۔ انہوں نے ان کے مطالبہ کو نظر انداز کر کے 25اگست کو ایوان کی کارروائی کل تک کے لئے معطل کردی تھی ۔ انہوں نے آج بھی اس طرح حرکت کی ۔ انہوں نے بر سر اقتدار تلگو دیشم پارٹی کے ارکان اسمبلی اور اسپیکر اسمبلی پر الزام عائد کیا کہ وہ اپوزیشن جماعت وائی ایس آر کانگریس قائدین کو تقریر کا موقع نہیں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اے پی اسمبلی میں 67ارکان اسمبلی کا تعلق وائی ایس آر سی پی سے ہے ۔ اسپیکر اسبلی کو ان کی تعداد کے لحاظ سے جملہ وقت کا40فیصد وقت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو مختص کرنا چاہئے ۔

Two YSRC MLAs suspended for rest of session

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں